حج 2026: آن لائن فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 31 جولائی، 12 سال  سے کم عمر کے بچوں پر روک

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے کہا کہ عازمین حج دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی میں آن لائن فارم بھرنے کی سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔

عازمیں حج، تصویر بشکریہ ٹوئٹر @hsharifain
عازمیں حج، تصویر بشکریہ ٹوئٹر @hsharifain
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: حج کمیٹی آف انڈیا کی پیشگی اطلاع کے تسلسل میں، ریاستی حج کمیٹیوں کو موصول مراسلہ کے ذریعے آئندہ سال حج  2026 کا ارادہ رکھنے والے عازمین حج کے لیے درخواست فارم جمع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ https://www.hajcommittee.gov.in اور ’حج سُویدھا ایپ‘ پر آن لائن حج درخواست فارم بھرنے کے لیے 7 جولائی سے 31 جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے اس موقع پر آئندہ حج 2026 کے عازمین کو پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حج کمیٹی عازمین حج کو فارم بھرنے میں تعاون سے لے کر ہر مرحلے پر رہنمائی کے لیے حاضر رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کم مدت کا حج وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند کی طرف سے ہندوستانی مسلمانوں کے لیے ایک قابل قدر تحفہ ہے۔

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے حج 2026 کے سلسلے میں تفصیلی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ سال 2026 میں فریضہ حج کی سعادت سے سرفرازی کا ارادہ رکھنے والے افراد اب اپنی آن لائن درخواست میں 20 دن کی مدت پر مشتمل قلیل مدتی حج کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں، جس کے لیے انھیں کچھ اضافی رقم کی ادائیگی کرنی پڑ سکتی ہے۔ قلیل مدتی حج میں مدینہ منورہ میں قیام کی مدت صرف دو یا تین دن ہوگی جبکہ مختصر مدت حج کے لیے ہندوستان بھر میں صرف 7 امبارکیشن پوائنٹس دہلی، احمدآباد، بنگلور، چنئی، کوچن اور حیدر آباد ہوں گے، جہاں سے کم مدت کے حج کے لیے روانگی ممکن ہو سکے گی۔ گزشتہ سال حج 2025 کی طرح اس سال بھی 7 جولائی 2025 کو  12 سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے حج کے سفر پر پابندی ہوگی۔ مخصوص زمرہ میں درخواست گزار عازمین کی عمر 7 جولائی 2025 کو کم سے کم 65 سال، جبکہ بغیر محرم حج پر جانے والی خواتین کی عمر 45 سال ہونا لازمی ہے۔ حج 2026 کے لیے عازمین حج سے کھانے کا آپشن بھی لیا جائے گا، جبکہ حج کے دوران کھانا فراہم کرنے کے سلسلے میں حتمی فیصلہ عازمین کی جانب سے حاصل ترجیح کی بنیاد پر بعد میں لیا جائے گا۔


دہلی کے خواہشمند عازمین حج کی سہولیات کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے اپنے دفتر، حج منزل میں آن لائن حج فارم بھرنے کا اہتمام کیا ہے۔ عازمین حج آن لائن حج درخواست فارم بھرنے کے لیے 9 جولائی سے پیر تا جمعہ کے درمیان صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر، حج  منزل میں اپنے پاسپورٹ، فوٹو، کینسل چیک اور آدھار کارڈ کے ساتھ آ کر حج درخواست فارم بھروا سکتے ہیں۔ حج درخواست فارم جمع کرنے کے لئے خواہش مند افراد کے پاس کم سے کم 31 دسمبر 2026 تک کی مدت تک کے لیے قابل قبول مشین ریڈیبل پاسپورٹ ہونا لازمی ہے۔ عازمین حج درخواست فارم بھرنے سے پہلے حج گائیڈ لائن اور مختلف زمروں کے مطلوبہ اقرار ناموں کو غور سے ضرور پڑھ لیں اور اس بات کو ذہن نشین رکھیں کہ حج 2026 کے لیے جمع درخواست فارم کی منسوخی سوائے عازمین کے انتقال یا شدید بیماری کے علاوہ کسی دوسری صورت میں ہرگز نہیں ہوگی، بصورت دیگر عازمین کو مالی خسارے سے دو چار ہونا پڑ سکتا ہے۔ اس لیے مکمل اور پختہ ارادہ رکھنے والے افراد اور اخراجات کی یقینی فراہمی کی صورت میں ہی درخواست فارم جمع کرائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔