راجدھانی دہلی سے عازمین حج کے روانگی کا سلسلہ شروع

رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے حج پر جانے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ بہت خوش نصیب ہیں کہ آپ کو حج کرنے کا موقع ملا اور یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے حاجیوں کی خدمت کا موقع ملا۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: دہلی کے اندرا گاندھی انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمنلIII- سے عازمین حج کے قافلے کی روانگی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ اس مبارک موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں ممبر پارلیمنٹ و ممبر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی سنجے سنگھ، دہلی کے وزیر توانائی و رسد و خوراک عمران حسین، سعودی عربیہ کے چارج ڈی آفیسر ماجد ال اطیبی، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مختار احمد، ممبران عبدالرحمن (ایم ایل اے)، حاجی یونس (ایم ایل اے)، سید شاداب حسین رضوی اشرفی، ایگزیکٹو آفیسر جاوید عالم خان، ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر محسن علی، حج کمیٹی آف انڈیا کے ممبر اور کوآرڈینٹر ہدایت خان دھولیا، سابق ممبر اور کوآرڈینٹر عرفان احمد، سابق ممبر اور کوآرڈینٹر حسن باقر کاظمی اور کوآرڈینٹر محمد نفیس کے علاوہ رضاکار تنظیموں کے لوگ و عازمین موجود تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔

اس موقع پر سنجے سنگھ نے سبھی حاضرین کا استقبال کیا اور مقدس سفر حج پر جانے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ بہت خوش نصیب ہیں کہ آپ کو حج کرنے کا موقع ملا اور یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے حاجیوں کی خدمت کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ لوگ مکہ مدینہ جا کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعاء کریں اور ان لوگوں کے لئے بھی دعاء کریں جو حج کے کاموں میں مدد کرتے ہیں۔ سنجے سنگھ نے بتایا کہ دہلی ہندوستان کے سب سے بڑے امبارکیشن پوائنٹ میں سے ایک ہے اور شمالی ہندوستان کے ہزاروں عازمین حج یہاں سے روانہ ہوتے ہیں اور ہمیں ان سبھی کی مہمان نوازی کا موقع ملتا ہے اور حکومت دہلی ان کے آرام کا پورا دھیان رکھتی ہے، ان کے ٹھہرنے کے لئے اچھا انتظام کیا گیا ہے۔ ان کی سبھی ضروریات خیال رکھا جا رہا ہے۔ ان کو ایئرپورٹ پہنچانے کے لئے فری بسیں مہیا کرائی گئی ہیں۔ عازمین حج کو کوئی پریشانی نہ ہو اس کے لئے افسران کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں اور حکومت دہلی عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ بہتر سہولیات مہیا کرا رہی ہے اور ہر سال زیادہ بہتر سہولیات مہیا کرانے کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔


اس موقع پر عمران حسین نے کہا کہ حکومت دہلی جس نیک نیتی سے حاجیوں کو روانہ کرتی ہیں اس وجہ سے حجاج کرام کو پورے سفر میں کہیں کوئی تکلیف نہیں ہوتی ہے۔ حکومت دہلی یہاں پر صرف اپنی حاضری درج کرانے نہیں آتی بلکہ حکومت دہلی عازمین حج کو عزت و احترام و مبارکباد دینے آتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران جو اطمینان و سکون حاصل ہوتا ہے وہ لامثال ہوتا ہے۔

اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مختار احمد نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے عازمین حج کی خدمت کرنے کا موقع عطاء فرمایا۔ میں دہلی کی ہردلعزیز وزیر اعلیٰ محترم اروند کیجریوال، نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا اور وزیر برائے مالگذاری کیلاش گہلوت کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے مجھے اتنی اہم ذمہ داری سونپی ہے۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ اس اعتماد کو قائم رکھنے کی بھرپور کوشش کروں گا اور اللہ کے مہمانوں کی جس حد تک خدمت کرنی چاہئے اسے انجام دوں گا۔ اور تمام عازمین حج کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ رب العزت سے دعاء کرتا ہوں کہ آپ تمام کا حج قبول فرمائیں۔ آپ تمام عازمین سے میری گزارش ہے کہ ملک کی سا لمیت اور خوشحالی کے لئے دعاء فرمائیں۔ انہوں نے حج کمیٹی آف انڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سال بھی عازمین حج کو 2100 سعودی ریال دیئے جائیں گے اور تمام عازمین حج کو فری موبائل سم مہیا کرایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔