شعبہ اردو دہلی یونیورسٹی میں ڈاکٹر نسیم احمد نسیم کو استقبالیہ

ڈاکٹر نسیم ایک محنتی انسان ہیں ہمہ وقت اردوزبان وادب کی خدمت میں لگے رہتے ہیں،انھوں نے اردو میں بہت اہم کتابیں قلمبند کی ہیں،ان کی تربیت میں علی گڑھ کا بہت اہم رول ہے: پروفیسر ابن کنول

تصویر پریس ریلیز
تصویر پریس ریلیز
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: شعبہ اردو دہلی یونیورسٹی میں مشہور محقق ، شاعر اور بہار یونیورسٹی میں اردو کے استادڈاکٹر نسیم احمد نسیم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس موقع پر صدر شعبہ اردو پروفیسر ابن کنول نے مہمان محترم کی آمد پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک محنتی انسان ہیں ہمہ وقت اردوزبان وادب کی خدمت میں لگے رہتے ہیں،انھوں نے اردو میں بہت اہم کتابیں قلمبند کی ہیں،ان کی تربیت میں علی گڑھ کا بہت اہم رول ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہی شخص زندہ رہتا ہے جو اپنے بعد قلمی ورثہ چھوڑ جائے۔ مہمان محترم مسلسل تحقیقی اور تنقیدی مضامین کے ساتھ عمدہ شاعری کرتے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نسیم احمد نسیم نے کہا کہ طالب علموں کو ادبی شہ پاروں کے بارے میں خود اپنی رائے رکھنی چاہئے۔ ایک شعر کی کئی تعبیریں ممکن ہیں اس لیے کوئی ضروری نہیں ہے کہ آپ نے جو تعبیریں پڑھی ہیں انہیں کے ساتھ لگے رہیں۔ شعبہ کے سینئر استاد ڈاکٹر محمد کاظم نے اس موقع پر شعبہ کی ادبی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے طلبا اور اساتذہ اپنی تخلیقی ، تنقیدی اور تحقیقی سرگرمیوں کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔

شکریہ کی رسم ڈاکٹر مشتاق عالم قادری نے انجام دی۔ اس موقع پر ڈاکٹر نسیم احمد نسیم، ڈاکٹر احمد امتیاز،ڈاکٹر شاذیہ عمیر ، ڈاکٹر ہادی سرمدی،اورخان رضوان نے اپناکلام سامعین کو سنایا۔ پروگرام میں ڈاکٹر سرفراز جاوید ، ڈاکٹر دانش حسین خان، ڈاکٹر عزیر احمد، ڈاکٹرشاہانہ مریم شان، ڈاکٹر اشرف علی، ڈاکٹر محمد نظام الدین کے علاوہ طلبا اور اسکالر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔