دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی ٹیم ’حج 2026‘ کے لیے مکہ مکرمہ میں عمارتوں کا کر رہی معائنہ
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کی سربراہی میں ایک بلڈنگ انسپیکشن ٹیم مقدس شہر مکۃ المکرمہ میں عازمینِ حج کے قیام کے لیے عمارتوں کا معائنہ کر رہی ہے۔

نئی دہلی: حکومتِ ہند اور معزز وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حج 2026 کے لیے ہندوستان سے جانے والے عازمینِ حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ اسی عزم کو یقینی بنانے کے مقصد سے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کی سربراہی میں ایک بلڈنگ انسپیکشن ٹیم مقدس شہر مکۃ المکرمہ میں عازمینِ حج کے قیام کے لیے عمارتوں کا معائنہ کر رہی ہے۔ اس ٹیم میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی، حج کمیٹی آف انڈیا کے ایک سینئر افسر سمیت دیگر اراکین شامل ہیں۔

20 اکتوبر 2025 کو مکہ مکرمہ میں واقع انڈین حج مشن کے دفتر میں ہندوستان کے قونصل جنرل فہد سوری، دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں اور عمارت معائنہ وفد کے اراکین کے درمیان ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں حج 2026 کے لیے عمارتوں کے انتخاب، عازمین کی سہولت، سلامتی، صفائی اور مؤثر انتظامات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
یہ پہل حکومتِ ہند کے اس عہد کا حصہ ہے جس کے تحت عازمینِ حج کو نہ صرف مذہبی سفر کا خوشگوار تجربہ فراہم کیا جا سکے بلکہ ان کے قیام، طعام، صحت اور آمد و رفت سے متعلق تمام انتظامات کو معیاری سطح پر یقینی بنایا جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔