مساجد و درگاہوں کے انہدام سے قبل قانون کی پابندی اور متاثرین کو سماعت کا مکمل موقع دینا ہوگا: ہائی کورٹ
راجستھان حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شوکاز نوٹس پر فیصلہ ہونے سے قبل راجستھان کی مساجد و درگاہوں پر کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔

نئی دہلی: جودھپور ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے مساجد اور دیگر تعمیرات سے متعلق 5 اپیلوں کو نمٹاتے ہوئے واضح کیا کہ قانونی ضابطوں کی پابندی اور متاثرہ فریق کو اپنا موقف پیش کرنے کے لیے مناسب موقع دینا ضروری ہے۔ عدالت میں ریاستی حکومت کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے یقین دہانی کرائی کہ شوکاز نوٹس کے تحت جاری کارروائی کا فیصلہ ہونے سے پہلے کوئی انہدامی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

6 نومبر 2026 کو جسٹس ونیت کمار ماتھر اور جسٹس چندر شیکھر شرما پر مشتمل ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے غفور بنام ریاست راجستھان و دیگر کے مقدمے میں یہ حکم صادر کیا۔ متاثرہ فریقوں کی جانب سے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر وکلاء کی ایک ٹیم نے مقدمے کی پیروی کی جن میں ایڈووکیٹ ہریش کمار پروہت اور ایڈووکیٹ اقبال خاں شامل تھے، جبکہ ایڈووکیٹ طاہر حکیم اور لیگل سیل کے کنوینر پروفیسر نثار احمد انصاری نے معاونت فراہم کی۔
سماعت کے دوران اپیل کنندہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریاستی حکام شوکاز نوٹس کا جواب موصول ہونے اور اس پر غور کیے بغیر بلڈورز چلا رہے ہیں جبکہ متاثرہ فریق کو اپنا موقف پیش کرنے کا مناسب موقع بھی نہیں دیا گیا۔ عدالت نے اپیل کنندگان کو تفصیلی جواب داخل کرنے کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت دی۔ ساتھ ہی ہدایت کی کہ جواب داخل ہونے کی صورت میں مجاز اتھارٹی متاثرہ فریق کو سماعت کا مناسب موقع دے اور تمام متعلقہ دستاویزات پر غور کرنے کے بعد قانون کے مطابق وجوہات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرے۔

اسی روز ہائی کورٹ کی مذکورہ ڈویژن بنچ نے 4 دیگر اپیلوں کا بھی فیصلہ سنایا۔ عدالت نے درج کیا کہ ان مقدمات کے معاملات غفور بنام ریاست راجستھان کے مقدمے میں دیے گئے فیصلے کے تحت آتے ہیں، اس لیے ان چاروں اپیلوں کو بھی اسی فیصلے کی روشنی میں نمٹا دیا گیا۔ ان مقدمات میں شامل مسجد آدرش نگری، بھوجریا، ضلع باڑمیر: متولی سلیمان خان کی جانب سے اپیل نمبر 2026/1358۔ منوہر مسجد، گاؤں منوہر، ضلع باڑمیر: متولی عبدالرازق کی جانب سے اپیل نمبر 2026/1360۔ حسن حسین، باشندہ بھری والا، پوکھرن، ضلع جیسلمیر: اپیل نمبر 2026/1365۔ مصطفیٰ خان، باشندہ گاؤں ملانہ، ضلع باڑمیر: اپیل نمبر 2026/1368 شامل ہیں۔
کیا ہے پورا معاملہ؟
راجستھان کے سرحدی علاقوں میں مساجد اور درگاہوں کے خلاف کارروائی کا معاملہ 18 جون 2026 کو شروع ہوا۔ جمعیۃ علماء راجستھان کے مطابق اس دوران مجموعی طور پر 14 مساجد اور مزارات منہدم کیے گئے، جبکہ متاثرہ فریقوں کو اپنا موقف پیش کرنے کا مناسب موقع نہیں دیا گیا۔ اس کارروائی کی اطلاع ملتے ہی جمعیۃ علماء راجستھان کے جنرل سکریٹری مولانا عبدالواحد کھتری نے قانونی مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ ابتدا میں راجستھان ہائی کورٹ میں مجموعی طور پر 40 سے زائد عرضیاں داخل کی گئیں۔ 13 جولائی 2026 کو یہ عرضیاں خارج کر دی گئیں۔ اس کے بعد جمعیۃ نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، جہاں سینئر ایڈووکیٹ کپل سبل نے مقدمات کی پیروی کی اور 15 روزہ عبوری حکم امتناع حاصل ہوا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق راجستھان ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ کے سامنے اپیلیں دائر کی گئیں۔
بلڈوزر ایکشن کے دور میں ہی جمعیۃ علماء ہند کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مفتی محمد عفان منصورپوری صدر جمعیۃ علماء یوپی کی قیادت میں راجستھان کا دورہ کیا تھا، لیکن وفد کو متاثرہ علاقہ جانے سے روک دیا گیا تھا۔ گزشتہ 16 اکتوبر کو جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی، جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش کے صدر حاجی محمد ہارون، مولانا مفتی ذاکر حسین قاسمی، ناظم تنظیم جمعیۃ علماء ہند (شمال) اور مولانا عظیم اللہ صدیقی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند پر مشتمل وفد نے جائے وقوع پر پہنچ کر منہدم مساجد کا دورہ کیا، جن میں گاؤں مالاسر اور میرپورا وغیرہ شامل تھے، جہاں منہدم مساجد کو دیکھ کر سب کی آنکھیں اشکبار ہو گئی تھیں۔ حیرت کی بات یہ تھی کہ ان مساجد کو منہدم کرنے کی کوئی سماجی یا سیاسی وجہ سمجھ میں نہیں آتی تھی۔ یہ مساجد دور دراز پہاڑی علاقوں کی چھوٹی چھوٹی بستیوں میں واقع تھیں۔ اگرچہ لوگوں کے مکانات کچی تعمیرات پر مشتمل تھے، لیکن انہوں نے بڑی مشکل سے ریتیلی زمین پر اللہ کے خوبصورت اور پختہ گھر تعمیر کیے تھے۔
آج کے فیصلے پر جمعیۃ علماء راجستھان کے ذمہ داران بالخصوص جمعیۃ علماء ہند کے نائب صدر امیر شریعت قاری محمد امین پوکرن، جمعیۃ علماء راجستھان کے صدر حضرت مولانا حبیب اللہ قاسمی، جنرل سکریٹری مولانا عبدالواحد کھتری، نائب صدور مولانا محمد نعمان قاسمی، مولانا محمد یونس قاسمی اور حافظ منظور علی خان، سکریٹریز مولانا محمد ایوب قاسمی اور مولانا محمد ارشد قاسمی، نیز ناظم تنظیم مولانا محمد الیاس قاسمی اور مولانا محمد ابراہیم غفوری سمیت تمام صوبائی و ضلعی ذمہ داران نے امید ظاہر کی ہے کہ اس علاقے میں ہندو و مسلم اتحاد قائم رہے گا اور حکومت اپنے برے ارادے سے باز آئے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
