دہلی حج کمیٹی میں حجاج کی آمد کا سلسلہ شروع، پانچ اپریل سے حج منزل میں لگے گا میڈیکل کیمپ

عازمین حج کے لیے اس سال سرکاری ایلوپیتھک ڈاکٹر سے تصدیق شدہ میڈیکل سرٹیفکٹ جمع کرنے کی لازمیت کے پیش نظر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں ہی ایک میڈیکل کیمپ لگانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔

عازمین حج
عازمین حج
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: گزشتہ 31 مارچ 2023 کو دیر رات دہلی کے درخواست گزار عازمین کی قرعہ اندازی میں 2540 خوش نصیب عازمین حج کے انتخاب کے بعد ہفتہ اور اتوار کی سرکاری تعطیل کے بعد بروز پیر 3 اپریل 2023 کی صبح دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کا دفتر کھلتے ہی حج بیت اللہ 2023 کے لیے منتخب عازمین کا حج کمیٹی کے دفتر میں آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئر پرسن کوثر جہاں اور ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے حج کمیٹی کے دفتر میں مطلوبہ دستاویزات کی سپردگی اور متعلقہ معلومات کی فراہمی کے لیے کثیر تعداد میں موجود عازمین حج سے ملاقات کر کے انہیں حج بیت اللہ کی سعادت سے سرفرازی کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں درپیش مشکلات اور اس کے حل کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا۔

عازمین حج کے لیے اس سال سرکاری ایلوپیتھک ڈاکٹر سے تصدیق شدہ میڈیکل سرٹیفکٹ جمع کرنے کی لازمیت کی بناء پر عازمین حج کو درپیش مشکلات اور مسائل کے پیش نظر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں ہی ایک میڈیکل کیمپ لگانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں چیئرپرسن کوثر جہاں نے حکومت دہلی کے سکریٹری (ہیلتھ) اور دائریکٹر (ہیلتھ) کو خط لکھ کر فوری طور پر حج منزل میں میڈیکل کیمپ لگانے اور حکومت دہلی کے تحت تمام تر اسپتالوں، ڈسپنسری اور محلہ کلینک کو یہ ہدایت جاری کرنے کی درخواست کی کہ وہ محکمہ صحت و خاندانی بہبود، حکومت ہند کی جانب سے حاجیوں کے لیے جاری ہیلتھ سرٹیفکٹ کی تصدیق کے لیے حکومت دہلی کے تحت آنے والے تمام تر اسپتالوں، ڈسپنسری اور محلہ کلینک کو ہدایت جاری کریں۔ دریں اثناء حکومت دہلی کے محکمہ صحت نے مورخہ 5 اپریل 2023 بروز بدھ سے حج منزل میں خصوصی کیمپ قائم کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ مذکورہ تاریخ سے یہ کیمپ شروع ہو جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام حجاج سے گزارش کی گئی ہے کہ ہیلتھ سرٹیفکٹ میں درج ایکسرے، سی.بی.سی اور دیگر جانچ پہلے سے ہی کسی بھی لیب سے کروا کر رپورٹ کے ساتھ حج منزل، ترکمان گیٹ میں آ کر حکومت دہلی کے سرکاری ڈاکٹروں کی ٹیم سے ہیلتھ سرٹیفکٹ پر تصدیق کرا سکتے ہیں۔


واضح ہو کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق حجاج کرام کو حج اخراجات کی پہلی قسط 81800 روپے ایس. بی. آئی یا یونین بینک میں حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میں یا حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر براہ راست07 اپریل 2023 تک جمع کرنا لازمی ہے۔ جس کی رسید، اصل پاسپورٹ، سفید پس منظر والی تازہ لی ہوئی 2 تصویر، اپنا دستخط شدہ اور ایک فوٹو چسپاں کیا ہوا حج درخواست فارم اور دیگر مطلوبہ کاغذات دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں 10 اپریل 2023 تک جمع کرا دیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔