حج 2026 کے لیے درخواست داخل کرنے کا سلسلہ جاری، دہلی میں اب تک تقریباً 1100 درخواستیں موصول

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے کہا کہ عازمین 31 جولائی کی آخری تاریخ سے قبل اپنی درخواست جمع کرا دیں تاکہ وقت پر دیگر کارروائیاں ہو سکیں۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر</p></div>

فائل تصویر

user

پریس ریلیز

نئی دہلی: آئندہ سال 2026 کے مقدس سفر حج کے لیے حکومتِ ہند کی وزارت برائے اقلیتی امور کے تحت حج کمیٹی آف انڈیا کی سرکاری ویب سائٹ پر حج درخواستیں جمع کرنے کا عمل جاری ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے حج کمیٹی میں درخواست فارم بھرنے کے لیے آنے والے عازمین سے ملاقات کی اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے انہیں فارم بھرنے میں مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے آئندہ سال حج پر جانے کے خواہشمند تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری تاریخ یعنی 31 جولائی سے پہلے جلد از جلد اپنا آن لائن فارم پُر کر لیں۔

جیسے جیسے 31 جولائی کی آخری تاریخ قریب آ رہی ہے، حج پر جانے کے خواہشمندوں کی جانب سے درخواستیں جمع کرانے کی رفتار میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی میں آن لائن فارم جمع کروانے والے عازمین کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے اب تک موصولہ درخواستوں کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی میں 1100 آن لائن حج فارم جمع ہو چکے ہیں، اور ان فارموں کی جانچ کا عمل بھی کمیٹی کی جانب سے شروع کر دیا گیا ہے۔


اشفاق احمد نے مزید بتایا کہ وہ عازمین جن کے پاس اب تک پاسپورٹ نہیں ہے، اور جنہوں نے نئے پاسپورٹ کے لیے درخواستیں دے دی ہیں، حج کمیٹی ان کے پاسپورٹ جلد جاری کروانے کے لیے دہلی کے علاقائی پاسپورٹ افسر کے نام خطوط بھی جاری کر رہی ہے۔ درخواست گزار آن لائن فارم جمع کرتے وقت تمام اندراجات– خاص طور پر پاسپورٹ کی میعاد، تاریخِ پیدائش، ایمبارکیشن پوائنٹ وغیرہ– بغور چیک کرنے کے بعد ہی فارم ویب سائٹ پر جمع کریں۔ یاد رہے کہ پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 31 دسمبر 2026 تک ہونی چاہیے۔ اگر کسی کا پاسپورٹ اس سے پہلے ختم ہو رہا ہے تو وہ فوری طور پر اس کی تجدید کروا کر ہی فارم بھریں۔ اس مقصد کے لیے جلد اپوائنٹمنٹ حاصل کرنے کی خاطر حج کمیٹی سے سفارشی خط حاصل کیا جا سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔