علی گڑھ مسلم یونیورسٹی: سنیما اور سیریلز کی دنیا میں علی گڑھ کا کلیدی کردار، اردو اکادمی کے زیر اہتمام مذاکرے کا انعقاد
اپنے خصوصی لیکچر میں زماں حبیب نے کہا کہ محنت شاقہ، فعالیت اور کمٹمنٹ سے ہی ترقی کی کوئی بھی راہ آسان ہو سکتی ہے اور امتیازی کارکردگی سے ہی شناخت ممکن ہے۔

علی گڑھ: مرکز پیشہ ورانہ فروغ برائے اردو اساتذہ (اردو اکادمی) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ کے زیراہتمام ’علی گڑھ کی ثقافت، فکشن، ڈراما اور ٹی وی پروڈکشن کا فن‘ کے موضوع پر ایک خصوصی لیکچر کا انعقاد عمل میں آیا جسے ممتاز ڈائریکٹر، اسکرپٹ رائٹر، پروڈیوسر اور شاعر زماں حبیب نے پیش کیا۔ پروگرام کی صدارت اردو اکادمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زبیر شاداب نے فرمائی۔

اپنے خصوصی لیکچر میں زماں حبیب نے کہا کہ سنیما، اسٹیج ڈراما، فکشن، شاعری اور ٹی وی پروڈکشن کے شعبوں میں علی گڑھ کا کلیدی رول رہا ہے۔ انہوں نے طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت شاقہ، فعالیت اور کمٹمنٹ سے ہی ترقی کی کوئی بھی راہ آسان ہو سکتی ہے اور امتیازی کارکردگی سے ہی شناخت ممکن ہے۔ انہوں نے خود کو منفرد بنانے کے لیے غائر مطالعہ پر اصرار کیا اور کہا کہ میں جمود پسند نہیں کیونکہ جمود اور ٹھہراؤ سے زندگی کی قیمت کم ہو جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنیما، اسٹیج ڈراما، ٹی وی سیریلز اور گیت کی دنیا میں اپنے پاؤں جمانے کے لیے انفرادی طور پر کچھ نیا کرنا ہوگا۔ زماں حبیب نے تھیٹر، اسٹیج ڈراما، اسکرپٹ رائٹنگ اورٹی وی پروڈکشن کے فن پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے طلبا و طالبات میں انجم پروین، صدام حسین، مریم بی، عفان حسن اور سید فیضان کے خوش فکر سوالوں کا سیر حاصل جواب بھی دیا۔
اس موقع پر پروفیسر ارمان رسول نے تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ زماں حبیب نے سنیما اور ٹی وی سیریلز کی دنیا میں اپنی خدمات کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی امتیازی کامیابی میں علی گڑھ کا اہم کردار رہا ہے۔ اردو اکادمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زبیر شاداب نے اپنے صدارتی کلمات میں زماں حبیب کو فلم اور ٹیلی ویژن کے افق پر عہد حاضر کا ایک روشن ستارہ قرار دیا اور کہا کہ ان کی گراں قدر کارناموں پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی فخر محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ زماں حبیب کی نظم و نثر میں مشرقی اقدار اور گنگا جمنی تہذیب کے دھارے محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
پروگرام کا آغاز ڈاکٹر عرفان احمد کی تلاوت کلام الہی سے ہوا اور ڈاکٹر مشتاق صدف نے پروگرام کی نظامت کے فرائض بحسن و خوبی انجام دیے۔ اس موقع پر متعدد سینئر اساتذہ اور معتبر شخصیات نے شرکت کی جن میں پروفیسر انور شہزاد، ڈاکٹر دانش محمود، ڈاکٹر سید حسین حیدر، جانی فاسٹر، ناصر احمد، ڈاکٹر بکر عالم صدیقی، ڈاکٹر خلیق الزماں، ڈاکٹر انجم پروین، ڈاکٹر یاسر وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔ نیزمختلف شعبوں کے ریسرچ اسکالرز نے بطور خاص شرکت کی اور ممتاز ڈائریکٹر پروڈیوسر، نغمہ نگار اور اسکرپٹ رائٹر زماں حبیب کی گفتگو سے فیضیاب ہوئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔