علی گڑھ مسلم یونیورسٹی: حفظان صحت پر اردو اکادمی کے زیر اہتمام خصوصی لیکچر کا انعقاد
اپنی صدارتی تقریر میں ڈائریکٹر اردو اکادمی ڈاکٹر زبیر شاداب نے کہا کہ حفظانِ صحت کے اصولوں پر ہمیں خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، تبھی ہم بہترین صحت کے مقاصد کو حاصل کر سکتے ہیں۔

علی گڑھ: سی پی ڈی یو ٹی (اردو اکادمی) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، علی گڑھ کے زیر اہتمام آج حفظان صحت کے تعلق سے ایک اہم تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس کی صدارت اردو اکادمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زبیر شاداب نے فرمائی اور ڈاکٹر شارق عقیل نے ’سوچھتا ہی سیوا-25‘ پروگرام کے تحت ’روزمرہ کی زندگی میں حفظان صحت (خوردنی اشیاء، کھانے کے برتن اور پلاسٹک کے حوالے سے)‘ کے موضوع پرخصوصی لیکچر پیش کیا۔

ڈاکٹر شارق عقیل چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او)، یونیورسٹی ہیلتھ سروسز نے اپنے لیکچر میں کہا کہ لاکھوں میٹرک ٹن پلاسٹک ویسٹ جو انسانی نقل و حرکت کی وجہ سے روزانہ جمع ہوتا ہے جس میں پالی تھین، پلاسٹک کی بوتلیں، گلاس اور اسی نوعیت کی دیگر اشیاء ہوتی ہیں، وہ بالآخر زمین کا حصہ بن رہی ہیں اور جو برسہا برس تک بھی ضائع نہیں ہوتیں۔ اس لیے یہ زمین کی زرخیزی کو خطرناک حد تک متاثر کرتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان اشیاء میں کھانے کے برتن اور پلاسٹک کا بے دریغ استعمال مختلف قسم کے کینسر کے پیدا ہونے کی بڑی وجہ بھی بن رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں یہ انسانی زندگی کے لیے اور بھی خطرناک ثابت ہوگا۔ وہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ صفائی ستھرائی کا زیادہ دھیان رکھنے کا اب وقت آ گیا ہے.
اپنی صدارتی تقریر میں ڈائریکٹر اردو اکادمی ڈاکٹر زبیر شاداب نے کہا کہ حفظانِ صحت کے اصولوں پر ہمیں خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، تبھی ہم بہترین صحت کے مقاصد کو حاصل کر سکتے ہیں اور خود کو مختلف النوع بیماریوں سے بچا سکتے ہیں اور اپنی تندرستی کو قائم رکھ سکتے ہیں۔ اس میں متوازن غذا، ورزش، صفائی ستھرائی کا خاص دھیان اور باقاعدہ طبی معائنہ شامل ہیں۔ ان اصولوں پر عمل کر کے ہی ہم ایک صحت بخش ماحول کو فروغ دینے میں کامیاب ہوں گے۔

اس موقع پر جی این ایم سی کے ڈاکٹر جمیل احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک کا استعمال ہماری صحت کے لیے بہت مہلک ہے۔ اس سے بچنا چاہیے۔ معروف شاعر اور گلوکار جانی فاسٹر نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا اور صفائی مزدوروں کے حوالے سے ایک نظم پیش کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام الہی سے ہوا جسے ڈاکٹر عرفان احمد نے پیش کیا۔ اردو اکادمی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق صدف نے پروگرام کی نظامت کے فرائض بحسن و خوبی انجام دیے۔ تقریب میں اردو اساتذہ، طلبا و طالبات اور ریسرچ اسکالرز نے بطور خاص شرکت کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔