حج 2026 کے لیے سرگرمیاں جاری، تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں گے: کوثر جہاں
حج 2026 کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ بڑھا کر 7 اگست کر دی گئی ہے، جس کی وجہ سے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں درخواست گزاروں کی خاصی بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔

نئی دہلی: حج 2025 کی مکمل کامیابی کے بعد، اب جبکہ حج 2026 کے لیے درخواست دینے کا عمل جاری ہے، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی ایک میٹنگ آج منعقد ہوئی جس میں حج 2026 کے انتظامات پر غور و خوض کیا گیا۔ یہ میٹنگ کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کی صدارت میں ہوئی۔ میٹنگ میں کمیٹی کی رکن اور کارپوریشن کی کونسلر نازیہ دانش، رکن محمد سعد اور کمیٹی کے رُکن بحیثیتِ عہدہ و ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی بھی موجود تھے۔
میٹنگ میں چیئرپرسن کوثر جہاں نے کہا کہ آئندہ حج 2026 کے مقدس سفر کے انتظامات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا اور یہ طے پایا کہ سعودی حکومت کی ہدایات اور اس کے تحت ہندوستان کی وزارت اقلیتی امور کے رہنما خطوط کے مطابق اس بار حج 2026 کے تمام انتظامات پچھلے برسوں کے مقابلے میں اور زیادہ بروقت مکمل کیے جائیں گے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی بھی اس مرتبہ تمام تر انتظامات کو تیزی اور وقت پر مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حج 2026 کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ بڑھا کر 7 اگست کر دی گئی ہے، جس کی وجہ سے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں درخواست گزاروں کی خاصی بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق اسی ماہ آن لائن قرعہ اندازی کے ذریعے حاجیوں کے انتخاب کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی حاجیوں کے انتخاب کے بعد آئندہ کی کارروائیوں کو جلد از جلد شروع کرنے کی مکمل تیاری میں مصروف ہے، اور آج کی میٹنگ میں لیے گئے فیصلوں کے مطابق اب تمام انتظامات جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔