دہلی میں ’حج 2025‘ کے پیش نظر 15 روزہ تربیتی کیمپ کا آغاز، 25 فروری تک رہے گا جاری
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں تربیتی کیمپ کے آغاز کے موقع پر عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج کمیٹی تمام سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے پابند عہد ہے۔

حج تربیتی کیمپ کے افتتاح کا منظر
نئی دہلی: صوبہ دہلی سے حج 2025 کے لیے سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ اور مدینہ جانے والے تمام عازمین حج کو حج کی تربیت فراہم کرنے کے لیے 15 روزہ تربیتی کیمپ کا آغاز کیا گیا ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے تمام عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے انہیں مقدس حج کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے حج کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی ہر سال مقدس حج پر جانے والے عازمین کے لیے مرحلہ وار حج ٹریننگ کا اہتمام کرتی ہے۔ یہ ٹریننگ 11 فروری سے شروع ہو کر 25 فروری 2025 تک جاری رہے گی اور رمضان کے مقدس مہینے کے بعد ٹریننگ کا دوسرا دور دہلی کے مختلف علاقوں میں منعقد کیا جائے گا۔ اس سال دہلی ریاست سے حج پر جانے والے عازمین کی کل تعداد 2900 ہے، جبکہ اس سال کل 16400 عازمین دہلی ایمبارکیشن پوائنٹ سے حج کے لیے روانہ ہوں گے، جس کے لیے عارضی طور پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی اپنی سطح پر تمام انتظامات کو یقینی بنائے گی۔
اب تک کی اطلاع کے مطابق یہ پرواز اس سال 2 مرحلوں میں دہلی سے روانہ ہوں گی۔ پہلا مرحلہ 29 اپریل سے 15 مئی 2025 تک جبکہ دوسرا مرحلہ 16 مئی سے 30 مئی 2025 تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔