حج 2026 کے لیے دہلی کے 2071 عازمین کا ہوا انتخاب، پیشگی رقم 152300 جمع کرنے کی آخری تاریخ 20 اگست

دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی میں عازمین کے لیے جلد ہی میڈیکل کیمپ لگایا جائے گا۔ چیئرپرسن کوثر جہاں کا کہنا ہے کہ حج کمیٹی عازمین کو ہر طرح کی سہولیات بروقت فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر</p></div>
i
user

پریس ریلیز

نئی دلی: حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے حج بیت اللہ 2026 کے عازمین حج کے انتخاب کے لیے آن لائین قرعہ اندازی میں جہاں پورے ہندوستان سے ایک لاکھ عازمین حج کا انتخاب ہوا ہے، وہیں دہلی کے مجموعی طور پر 2071 حج امیدواروں کو اس مقدس سعادت حج بیت اللہ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ منتخب ہونے والے عازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے بتایا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی 2026 کے عازمین حج کو ہر طرح کی سہولیات بروقت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ آن لائن قرعہ اندازی کے عمل کے ذریعے حج 2026 کے لیے منتخب ہونے والے 2071 عازمین حج میں مخصوص زمرہ 65 سال سے زیادہ عمر کے 364 اور 65 سال سے زائد عمر کی بنا محرم خواتین مع ایک ساتھی زمرہ میں 2، جبکہ 45 سال اور اس سے زیادہ کی بنا محرم خواتین کے زمرہ میں 21 اور عمومی زمرہ میں 1684 عازمین کا انتخاب ہوا ہے۔ ان تمام عازمین کو اب آئندہ 20 اگست تک حج اخراجات کی پیشگی رقم 152300 روپے فی کس حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر آن لائن یا اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کے کسی بھی برانچ میں جمع کرنے کے بعد اپنے حج فارم کی پرنٹ کاپی پر دستخط کر کے اور سفید بیک گراؤنڈ کا رنگین فوٹو چسپاں کر کے، حلف نامہ، کینسل چیک، پاسپورٹ کی فوٹو کاپی اور مقررہ پروفارمے میں میڈیکل سرٹیفکیٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات منسلک کر کے حج کمیٹی کے دفتر، حج منزل میں جمع کرانا ضروری ہے۔


اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ حج کمیٹی عازمین کی سہولیات کے لیے انہیں میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے آصف علی روڈ پر واقع حج منزل میں، دہلی حکومت کے محکمہ صحت کے تعاون سے میڈیکل کیمپ کا اہتمام بھی کرے گی۔ عازمین کسی بھی سرکاری اسپتال، ہیلتھ سینٹر یا محلہ کلینک کے سرکاری ایلوپیتھک ڈاکٹر سے بھی میڈیکل سرٹیفکیٹ بنوا کر جمع کر سکتے ہیں۔

واضح ہو کہ حج 2026 کے لیے ریاست دہلی میں درخواست گزار عازمین کی تعداد 4973 تھی، جبکہ ریاست دہلی کی مسلم آبادی کے تناسب میں دہلی میں حج عازمین کا کوٹہ 1241 ہے۔ منتخب ہونے والے کل 2071 عازمین میں 834 عازمین کا انتخاب دیگر ریاستوں سے، باقی ماندہ حج کوٹے سے ملنے والی سیٹوں سے ہوا ہے۔