رابعہ گرلز پبلک اسکول میں دو روزہ سائنسی نمائش اختتام پذیر

نمائش کی خاص رونق دالوں سے بنی رنگولیوں کے ذریعے تیار کردہ انسانی اعضاء تھے۔ استعمال شدہ چیزوں سے بنائے گئے سجاوٹی سامان بھی قابل دید تھے۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

پریس ریلیز

رابعہ گرلز پبلک اسکول کے ’یوریکا ایکو کلب‘ نے 29 اور 30 دسمبر کو’ فیسٹیول آف انڈیا‘ کے نام سے دو روزہ سائنس نمائش کا انعقاد کیا۔ نمائش کا موضوع صحت اور صفائی و ماحولیات کی حفاظت تھا۔ آج اس نمائش کا اختتام نہایت خوشگوار ماحول میں ہوا جس میں طالبات کے ساتھ ساتھ ان کے سرپرست بھی موجود تھے۔ اس دو روزہ سائنس نمائش میں رابعہ گرلز پبلک اسکول کے سبھی درجات کی طالبات نے بہت ذوق و شوق کے ساتھ حصہ لیتے ہوئے اپنی تعمیری اور سائنسی سوچ کا مظاہرہ کیا۔ اسکول کی طالبات نے نہایت عمدہ ماڈلز پیش کر یہ ثابت کیا کہ وہ جدید تعلیم میں کسی بھی طرح کمتر نہیں ہیں۔ سائنس پر ماڈلز کے علاوہ بھی کچھ طالبات نے اپنی پسند کے مطابق ماڈلز پیش کیے۔ اس نمائش کی خاص رونق دالوں سے بنی رنگولیوں کے ذریعے تیار کردہ انسانی اعضاء تھے۔ استعمال شدہ چیزوں سے بنائے گئے سجاوٹی سامان بھی قابل دید تھے۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز

29 دسمبر کو نمائش کی افتتاحی تقریب میں پروفیسر یوگیندر سنگھ (ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ، فزیکل سائنس، دہلی یونیورسٹی) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انھوں نے بچوں کے ذریعہ پیش کردہ ماڈل کی تعریف کی اور طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’لڑکیاں تعلیم کے میدان میں لڑکوں سے بہت آگے ہیں۔ رابعہ اسکول کی بچیاں بھی یہ ثابت کر رہی ہیں کہ پرانی دہلی کے اسکول کی یہ طالبات جدید علوم کے حصول میں دہلی کے کسی بھی اسکول سے پیچھے نہیں۔‘‘

آج نمائش کے اختتام پر طالبات کے والدین نے بھی شرکت کی اور اپنی بیٹیوں کی کارکردگی سے بہت خوش ہوئے۔ شمع انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے ڈائریکٹر جناب جمیل احمد صاحبا ور اسکول منیجر جناب اطہر علی صاحب نے بھی مہمانِ ذی وقار کی حیثیت سے نمائش کے پہلے دن شرکت کی۔ ہمدرد پبلک اسکول کی سائنس کی استاد محترمہ گلثمن اور سید حامد اکیڈمی سے سومیہ انعام اور گریما بھاردواج نے منصفی کے فرائض انجام دیے۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز

سائنس نمائش کے کامیاب انعقاد کے لیے مہمانِ خصوصی پروفیسر یوگیندر سنگھ اور جمیل احمد صاحب نے اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر ناہید عثمانی کو مبارکباد دی اور اسکول کی سبھی اساتذہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’طالبات کی کارکردگی اور اسکول کی کامیابی کا راز یہاں کے اساتذہ کی محنت، لگن اور کاوش ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔