مظفرنگر کی لوک سبھا سیٹ کیوں ہے خاص، جانیں انتخابی تاریخ

مظفرنگر سیٹ پر کئی سال تک کانگریس کا قبضہ رہا، 1952 سے لے کر 1962 تک یہ سیٹ کانگریس کے کھاتے میں رہی، اس کے اگلے دو انتخابات 1967 اور 1971 میں سی پی آئی نے یہاں سے کامیابی حاصل کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مغربی اترپردیش کے 'جاٹ لینڈ' سے مشہور مظفرنگر لوک سبھا سیٹ پر اس بار مقابلہ انتہائی دلچسپ ہونے والا ہے، 2013 میں ہوئے فسادات کی وجہ سے بحث میں رہنے والی اس لوک سبھا سیٹ پر پچھلی بار بی جے پی کے سنجیو بالیان نے بڑی کامیابی حاصل کی تھی، سنجیو بالیان کو مودی کابینہ میں شامل بھی کیا گیا تھا۔ حالانکہ بعد میں انہیں کابینہ سے ہٹا دیا گیا تھا، بی جے پی نے مودی حکومت میں وزیر رہے سنجیو بالیان کو دوبار اپنا امیدوار بنایا ہے، وہیں راشٹریہ لوک دل کے صدر اجیت سنگھ بی ایس پی-ایس پی اور آر ایل ڈی اتحاد کی جانب سے انتخابی میدان میں ہیں، تاہم، اس سیٹ پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے لئے راہ آسان نہیں ہے کیونکہ 2017 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے جاٹوں کی ناراضگی ایک اہم موضوع تھی۔

مظفرنگر لوک سبھا سیٹ کی تاریخ

آغاز میں مظفرنگر سیٹ پر کئی سالوں تک کانگریس کا قبضہ رہا، 1952 سے لے کر 1962 تک یہ سیٹ کانگریس کے کھاتے میں رہی، اس کے اگلے دو انتخابات 1967 اور 1971 میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) نے یہاں سے کامیابی حاصل کی، 1977 کے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ لوک دل کو یہاں سے کامیابی ملی، اس کے اگلے 1980 کے انتخابات میں بھی کانگریس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور جنتا پارٹی سیکولر نے مظفرنگر سے جیت درج کی۔ جبکہ 1984 میں یہ سیٹ ایک بار پھر کانگریس کے کھاتے میں گئی، تو وہیں 1989 کے انتخابات میں جنتا دل نے یہاں سے جیت درج کی۔ 1991 میں اس سیٹ پر پہلی مرتبہ بی جے پی نے جیت حاصل کی، نریش بلیان بی جے پی کی ٹکٹ پر پارلیمنٹ پہنچے تھے، اس کے بعد 1996 اور 1998 کے لوک سبھا انتخابات میں یہاں سے مسلسل بھارتیہ جنتا پارٹی نے جیت درج کی تھی۔ 1999 میں جب دوبارہ انتخابات ہوئے تو کانگریس نے اس سیٹ کو چھین لیا۔ حالانکہ 2004 میں یہ سیٹ سماج وادی پارٹی کے کھاتے میں گئی، جبکہ 2009 میں بہوجن سماج پارٹی کے امیدوار کبیر رانا یہاں سے لوک سبھا پہنچے، گزشتہ انتخابات میں سنجیو بالیان نے بی جے پی کے ٹکٹ پر یہاں سے جیت درج کی تھی۔

بتا دیں کہ مظفرنگر لوک سبھا سیٹ پر قریب 16 لاکھ ووٹر ہیں، ان میں سے 875186 لاکھ مرد اور 713297 لاکھ خواتین ووٹرز ہیں، مظفرنگر لوک سبھا سیٹ کے تحت کل 5 اسمبلیاں آتی ہیں، ان میں بوڑھانہ، چرتھاول، مظفرنگر، کھتولی، سردھنا کی سیٹیں آتی ہیں، فی الحال ان پانچوں ہی سیٹوں پر بی جے پی کا قبضہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔