کلاؤڈ کمپیوٹنگ ایک سنگ میل

کلاؤڈ کمپیوٹنگ ٹیکنالوجی بھی انٹرنیٹ ہی کہ بدولت ممکن ہوئی اور اس ٹکنالوجی سے لوگوں کےلئے بہت سے مشکل کام آسان ہو گئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

مظہر حسنین

انٹرنیٹ نے انسان کے لئے رابطوں کو آسان بنا دیا ہے، اب چند سیکنڈ میں بذریعہ ای میل، فیکس یا چیٹ باآسانی پیغامات پہنچائے جا سکتے ہیں۔ٹیکنالوجی روز بروزآسان اور تکنیکی صلاحیتوں سے بھرپور ہوتی جا رہی ہے۔ پہلے لوگ اپنے ضروری کاغذات کاغذی شکل میں الماری اور درازوں میں سنبھال کر رکھا کرتے تھے پھر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کا دور آیا اور ضروری کاغذات کو کمپیوٹر میں محفوظ کیا جانے لگا اور اب نئی ٹکنالوجی یعنی کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے ذریعے ضروری کاغذات و دستاویز اور کمپیوٹر ایپلی کیشنز کو لامحدود پیمانے پر آن لائن محفوظ کیاجاتاہے۔

کلاؤڈ کمپیوٹنگ ایک سنگ میل

کلاؤڈکمپیوٹنگ جدید دور کی ٹکنالوجی ہے جو انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہوئے لامحدود ڈیٹا اور ایپلی کیشنز کو محفوظ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہم ای میل کرتے ہیں اور میل کو محفوظ کرتے ہیں، میل کہاں محفوظ ہوتی ہے؟ ویب سائٹس کا ڈیٹا کہاں محفوظ ہوتا ہے؟ یہ سب کلاؤڈ پر ہو رہا ہے۔ کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی وجہ سے لوکل نیٹ ورک سسٹم کا رواج ختم ہو رہا ہے، پہلے ویب سائٹ کے ڈیٹا کو لوکل نیٹ ورک پر محفوظ کیا جاتا تھا جو کہ محدود پیمانے پر تھا مگر اب ڈیٹاکلاؤڈ یعنی بادل پر اسٹور کیا جاتا ہے اور اس طرح جگہ کی بھی کوئی قید نہیں۔

آج کل بنائے جانے والے گوگل اور ورڈ پریس کے بلاگز اسی ٹیکنالوجی سے بنائے جاتے ہیں۔ کلاؤڈ کمپیوٹنگ موجود ہ دور میں انفو کمیونیکیشن کی دنیا میں آنے والا انقلاب ہے جس کے ذریعے کو پھیلانا آسان ہو گیا ہے۔کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے اطلاق سے محدود صارفین کو لامحدود پیمانے پر ایپلی کیشنز اور ڈیٹا محفوظ کرنے کی صلاحیت میسر ہو رہی ہے۔ آئندہ چند سالوں میں کلاؤڈکمپیوٹنگ کی بدولت انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبے میں ترقی کے مزید دروازے کھلیں گے۔ہاٹ میل، جی میل، فیس بک، ویبکس، اسکائپ، یاہو، یوٹیوب، ویمیو اور ایم ایس این کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی مثالیں ہیں۔ ان تمام پروگراموں کا ڈیٹا اور ایپلی کیشنزکلاؤڈ پر محفوظ ہے۔یونیورسٹی کے تمام لیکچرز یو ٹیوب پر شائع کر دیئے جاتے ہیں۔ طلباء جی میل اور گوگل ٹاک کو رابطوں کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ کلاؤڈ کمپیوٹنگ پر ڈیٹامنتقل کرنے کی وجہ سے کاروباری اداروں کے اخراجات میں کمی واقع ہوئی ہے۔

بینک ، موبائل فون کمپنیز، سرکاری ادارے اور صنعتیں کلاؤڈ کمپیوٹنگ سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔کلاؤڈ کمپیوٹنگ نے ڈیٹا کو کمپیوٹر اور لوکل نیٹ ورک پر رکھنے کا رواج ختم کر دیا ہے، اب گانے، معلومات،فلمیں اورویڈیو گیمز کو کمپیوٹر پر محفوظ کرنا لازمی نہیں بلکہ یہ سب کچھ کلاؤڈ پر منتقل کیا جا سکتا ہے اور اس سے رفتار میں بھی کوئی فرق نہیں پڑتا۔ دنیا بھر میں متعدد ادارے کلاؤڈ کمپیوٹنگ کا استعمال کرتے ہوئے فائدہ اٹھا رہے ہیں، اس نئی ٹکنالوجی نے ویب اسپیس کا مسئلہ بھی ختم کر دیا ہے۔کلاؤڈ کمپیوٹنگ کبھی کبھی مشکلات کا باعث بھی بنتا ہے ، حال ہی میں ڈیٹا ضائع ہو جانے کی وجہ سے گوگل کے لاکھوں استعمال کنندگان کے ایڈریس بند ہو گئے۔

انٹرنیٹ سے رابطہ نہ ہونے کی صورت میں کلاؤڈکام نہیں کرتا جو کہ کلاؤڈ کا سب سے اہم مسئلہ ہے، لیکن آج کل انٹرنیٹ ہر جگہ موجود ہے اس لئے یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے۔کلاؤڈ کمپیوٹنگ پر چلنے والی ایپلی کیشنز کے ساتھ ایک نقصان یہ بھی ہے کہ ان کے فیچرز یا صلاحیت عام ڈیسک ٹاپ ایپلی کیشن سے کم ہوتے ہیں۔ دنیا میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے فروغ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

کلاؤڈ کمپیوٹنگ ایک سنگ میل

کلاؤڈ کمپیوٹنگ سے مراد ایسی ٹیکنالوجی ہے جو انٹرنیٹ کو ڈیٹا اور ایپلی کیشنز محفوظ کرنے کے لئے استعمال کرتی ہے۔کلاؤڈ کمپیوٹنگ استعمال کنندگان اور کاروباری لوگوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے بغیر کسی تنصیب کے کسی بھی کمپیوٹر پر ایپلی کیشنز استعمال کرنے کی سہولت مہیا کرتا ہے۔ اس ٹکنالوجی کی بدولت انٹرنیٹ پر لامحدود تعداد میں ڈیٹا کو محفوظ کیا جا سکتا ہے اور روزانہ بڑی تعداد میں صارفین کلاؤڈ کمپیوٹنگ کا فائدہ اٹھارہے ہیں۔ کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی مثال میلنگ سروسز فراہم کرنے والے اداروں جیسے گوگل، مائیکرو سافٹ اور یاہو سے لی جا سکتی ہے۔ ان سروسز کو استعمال کرنے کے لئے کسی بھی قسم کے سافٹ ویئر کو انسٹال کرنے یا سرور کی ضرورت نہیں پڑتی، تمام لوگ کسی بھی عام کمپیوٹر سے انٹرنیٹ کے ذریعے ای میلز کو موصول اور بھیج سکتے ہیں۔کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے تحت سا فٹ وئیر بطور سروس، خدمات فراہم کرنے والا ایک پروگرام یا سافٹ وئیر ایپلی کیشنز بناتا ہے، اس کو کسی ڈیٹا سنٹر پر ہوسٹ کرتا ہے اور انٹرنیٹ پر موجود ہزاروں صارفین کو یہ مہیا ہو جاتا ہے۔ صارف اس کو براؤزر کی مدد سے استعمال کرسکتا ہے۔

کلاؤڈ کمپیوٹنگ بطور سروس پروگرام، اپلی کیشن بنانے والوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کر تا ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے وہ خود اپنی ایپلی کیشنز ڈیزائن کرسکیں اور انہیں چلا سکیں، مثال کے طور پر ورڈ پریس یا گوگل ویب وغیرہ۔

آن ڈیمانڈ کمپیوٹنگ سروس ڈویلپرز اور آئی ٹی پیشہ وروں کے لئے ہے۔ اس میں صارف کو کم از کم خام کمپیوٹنگ اور اسٹوریج اسپیس مہیا کی جاتی ہے اور یہ سہولت صارف کی طلب پر ہے۔ آگر صارف اس کمپیوٹنگ پاور اور اسٹوریج اسپیس کو استعمال کرتے ہیں تو سروس فراہم کرنے والا ادارہ صارف کو وقت یا اسٹوریج کے حساب سے بل کرتا ہے۔اس کی مثال ایمیزون ہے۔ڈویلیپرز انھیں سروز کو استعمال کرتے ہوئے، مختلف ایپلی کیشنز بنا سکتے ہیں جو کہ ان کی ویب سائٹوں میں اضافہ کر سکتی ہیں۔

گوگل میپ ویب سروسز کی ایک بہترین مثال ہے۔ کئی ادارے اپنے پتے اور دیگر معلومات کے لئے گوگل میپ کی ویب سروس کو اپنی ویب سائٹس سے منسلک کرتے ہیں۔کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی ایپلی کیشنز کاروباری لوگوں کے لئے بھی نہایت مفید ثابت ہوئی ہیں۔کلاؤڈ کمپیوٹنگ نے کاروباری ایپلی کیشنزکی مد میں خرچوں کو قدرے ختم کر دیا ہے جس کی بدولت کمپنیز کے اخراجات میں کمی ہوئی ہے۔

موجودہ دور میں متعدد ویب سائٹس نے اپنا ڈیٹا کلاؤڈ میں منتقل کر دیا ہے جس کے بعد ویب سائٹس پر لامحدود ڈیٹا اور ایپلی کیشنز محفوظ کرنے کی صلاحیت پیدا ہو گئی ہے۔ ادارے مختلف کام، ڈیٹا سینٹرز سے نکال کر کلاؤڈ میں لے کر جارہے ہیں۔ اس کی ایک اہم مثال گوگل کمرشل میل ہے جس کے تحت متعدد ادارے ایسے ہیں جنہوں نے اپنی ای میل سروسز کو گوگل میل سے تبدیل کر دیا ہے۔ جی میل، گوگل کیلنڈر، پکاسا، گوگل ڈوکس اور اسپریڈ شیٹ وغیرہ سب کلاؤڈ کا حصہ ہیں۔کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی بدولت انتہائی طاقتور اور مہنگے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔ چونکہ زیادہ تر کام کلاؤڈ میں ہوتا ہے ۔لہٰذا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کو زیادہ میموری، ہارڈ ڈسک اور پاور کی ضرورت نہیں رہتی۔ آجکل اکثر اداروں کا آئی ٹی بجٹ طاقتور ڈیسک ٹاپ خریدنے پر خرچ ہوتا ہے جس پر کلاؤڈ پروسیسنگ کی بدولت کافی بچت ہوسکتی ہے۔ جب ایپلی کیشنز کو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر سے تبدیل کرکے کلاؤڈ میں تبدیل کیا جاتا ہے تو انہیں کم کام کرنا پڑتا ہے یعنی اس ہارڈوئیر کی استعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

اکثر ادارے اپنے بجٹ کا ایک بڑا حصہ بیک آفس ایپلی کیشنز پر خرچ کرتے ہیں، یعنی ان سرورز پر جو کہ ڈاکومنٹ اسٹور کرتے ہیں اور ای میل وغیرہ بھیجتے ہیں۔ اسی باعث ان اداروں کو اکثر اسٹوریج اسپیس کی کمی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، اور کبھی کمپیوٹرز اور سرورز کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے جگہ کی کمی کا بھی سامنا کرناہوتا ہے۔ ایسے میں ڈیٹا اور کمپیوٹنگ کو کلاؤڈ میں منتقل کردینے سے مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے باعث کمپنیوں کے آئی ٹی بجٹ میں کمی ہو جاتی ہے۔ مثلاً کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی صورت میں چونکہ صارف کی جگہ پر بہت کم ہارڈوئیر کی ضرورت ہوتی ہے لہذا مشینوں کی دیکھ بھال پر اٹھنے والے اخراجات میں بھی واضح حد تک کمی واقع ہوتی ہے۔ اسی طرح کلاؤڈ کمپیوٹنگ میں سافٹ وئیر کی لاگت میں کئی طریقوں سے کمی آ جاتی ہے۔ کلاؤڈ کمپیوٹنگ میں سافٹ وئیر کمپنیاں ایڈورٹائزنگ کی مدد سے اپنے اخراجات پورے کرتی ہیں۔ لہٰذا ان کے لیے سستا سافٹ وئیر فراہم کرنا آسان ہوتا ہے۔

کلاؤڈ چونکہ کئی کمپیوٹرز کا مرکب ہے۔ اس میں شامل تمام کمپیوٹرز کی مشترکہ طاقت کے باعث یہ بعض اوقات ایک بہترین ہائی کلاس سرور سے بھی اچھی پاور فل سروس فرہم کرتا ہے۔ کلاؤڈ پر بنائی گئی کوئی بھی دستاویز دوسروں کے ساتھ بانٹی جا سکتی ہے۔کلاؤڈ کمپیوٹنگ ایک بہتر حفاظتی نظام مہیا کرتی ہے۔ سکیورٹی کوکلاؤڈ پر لاگو کرنا اپنے دفتر میں بہت سے کمپیوٹرز میں اس کے انتظام سے آسان ہے اور سب سے بہتر یہ کہ سکیورٹی صرف اس ادارے کی ذمہ داری ہے جو آپ کو کلاؤڈ مہیا کررہا ہے۔ہم اکثر ضروری دفتری دستاویزات کو گھر یا آفس بھول جاتے ہیں جس کو منگوانے یا حاصل کرنے کے لئے بھاگ دوڑ کرنی پڑتی ہے۔ اگر یہ فائل کلاؤڈ پر شیئر کر دی جائے تو اسے کبھی بھی کہیں بھی حاصل کیا جا سکتا ہے اور اس کے لئے کمپیوٹر کا استعمال ہونا بھی ضروری نہیں، موبائل فون یا آئی فون سے کلاؤڈ کو چلایا جا سکتا ہے۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ کی اہمیت بڑھتی جارہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب زیادہ تر ڈیٹا انٹرنیٹ پر محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ تیزی سے انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سے لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ آج سے چند سال پہلے جب کمپیوٹر یا انٹرنیٹ کا استعمال نہایت کم تھا تولوگوں کو کاغذی دستاویزات بنانا پڑتے تھے جبکہ رابطوں میں دشواری ہوتی تھی۔ آج دنیا میں ایک اندازے کے مطابق کم سے کم ساٹھ فیصد سے زیادہ لوگ انٹرنیٹ کا استعمال کر رہے ہیں۔ کلاؤڈ کمپیوٹنگ ٹیکنالوجی بھی انٹرنیٹ ہی کہ بدولت ممکن ہوئی اور اس ٹکنالوجی سے لوگوں کےلئے بہت سے مشکل کام آسان ہو گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */