مودی حکومت کے چار سال: کیا کچھ نہیں اور جشن پر ہوں گے کروڑوں خرچ 

ایک طرف مودی حکومت چار سال مکمل ہونے پر جشن منانے کی تیاری کر رہی ہے اور دوسری طرف کانگریس نے پورے ملک میں 26 مئی کو ’یومِ دھوکہ‘ منانے کا اعلان کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

سید خرم رضا

26مئی کو مودی حکومت کے چار سال مکمل ہونے پر کانگریس پورے ملک میں اس تاریخ کو ’یوم دھوکہ‘ کے طور پر منائے گی ۔ اس کا اعلان کرتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری اور سینئر رہنما اشوک گہلوت نے کانگریس کے ترجما ن رندیپ سنگھ سرجے والا، پرینکا چترویدی اور ونیت پونیا نے’یوم دھو کہ‘ کے نام سے ایک پوسٹر جاری کیا اور کہا کہ ملک کے لوگوں کو چار سال میں ہر شعبہ میں صرف باتیں اور دھوکہ ہی ملا ہے۔

صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی کے بعد یہ مودی کی پہلی حکومت تھی جس کو عوام نے مکمل اکثریت دی تھی اور وہ اس لئے دی تھی کہ اس حکومت سے عوام کو کافی امیدیں تھیں لیکن گزشتہ چار سالوں میں عوام کو صرف باتیں اور دھوکہ ہی ملا ہے۔ انہوں نے کہا نہ تو شہید ہوئے ہمارے فوجی کے ایک سر کے بدلے میں پاکستان کے دس فوجیوں کے سر آئے ، نہ ہی کسانوں سے جو پیدوار کی قیمت دینے کا وعدہ کیا تھا وہ پورا کیا ، نہ ہی نوجوانوں کو روزگار ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے اور اب ڈالر کے مقابلہ روپے کی قیمت کہاں پہنچ گئی ہے، جی ڈی پی سب سے کم ہے اور پٹرول -ڈیزل کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان چار سالوں میں عوام کو دھوکہ کے علاوہ کچھ نہیں ملا اس کے با وجود حکومت عوام کے کروڑوں روپے چار سال کے جشن پر خرچ کر رہی ہے ۔

خارجہ پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے سرجے والا نے کہا ، ویسے تو وزیر اعظم 54 بیرون ممالک کے دورے کر چکے ہیں اورحساب سے وہ ہر 27 ویں دن ملک سے باہر رہے ہیں ، ہمیں اس کا کوئی اعتراض نہیں اگر وہ ہر روز بیرون ممالک کے دورے پر جائیں ، لیکن ان دوروں سے ہندوستان کو کچھ حاصل ہونا چاہئے، جو بالکل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ روس جس سے ہمارے تعلقات اتنے اچھے تھے لیکن مودی دور میں ایسے خراب ہوئے کہ روس نے نہ صرف پاکستان کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں کیں بلکہ ان کے ساتھ ہتھیار بیچنے کا معاہدہ بھی کیا۔ سرجے والا نے کہا کہ وزیر اعظم چین گئے ، اس کے بدلے میں چین نے ڈوکلا م میں ہماری زمین پر قبضہ کر لیا۔ سرجے والا نے کہا کہ جیسے ہر محاذ پر مودی حکومت ناکام ہوئی ہے اور دھوکہ دیا ویسے ہی اس نے خارجہ پالیسی میں دھوکہ دیا اور وزیر اعظم نے صرف گھومنے کا کام کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کا ہر کارکن 26 مئی کو احتجاج کرے گا اور مودی حکومت کے دھوکوں کی پول کھولے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔