نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا انتقال، لندن میں لی آخری سانس

نواز شریف کی اہلیہ اور مریم نواز کی ماں بیگم کلثوم نواز لندن کے اسپتال میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ یہ خبر پاکستان کی جیل میں قید نواز شریف اور مریم نواز کے لیے انتہائی اندوہناک ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا طویل علالت کے بعد آج لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک میں انتقال ہو گیا۔ اس خبر کی ان کے بیٹے حسن نواز اور دیور شہباز شریف نے پاکستانی میڈیا سے بات چیت کےد وران تصدیق کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز لندن کے ہارلے سٹریٹ کلینک میں زیر علاج تھیں اور ان کی طبیعت گزشتہ رات ایک مرتبہ پھر انتہائی تشویشناک ہوگئی تھی۔ خراب ہوتی صحت کو دیکھتے ہوئے برطانوی وقت کے مطابق ساڑھے دس بجے انھیں وینٹی لیٹر پر ڈال دیا گیا تھا لیکن ڈاکٹر ان کی صحت کے حوالے سے کچھ بھی نہیں بتا رہے تھے۔ تاہم انتقال کے بعد حسن نواز شریف نے تصدیق کی ہے کہ ان کی والدہ انتقال کر گئی ہیں۔

اس وقت جب کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز پاکستان کی جیل میں قید ہیں، ان کے لیے بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی خبر انتہائی غم ناک ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز نے کافی دنوں سے اپنے شوہر اور اپنی بیٹی مریم نواز سے بھی بات چیت نہیں کی تھی اور ان کے بارے میں اکثر اپنے بیٹے حسن نواز سے دریافت کرتی تھیں۔

واضح رہے کہ 68 سالہ کلثوم نواز کا علاج جون 2017 سے ہی لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں چل رہا تھا۔ 10 ستمبر کی شب ان کی طبیعت زیادہ خراب ہو گئی تھی اور ان کے پھیپھڑے میں خرابی پیدا ہو گئی تھی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق پیر کی شب میں ان کی حالت اچھی تھی لیکن پھر دھیرے دھیرے ان کی صحت بگڑنے لگی۔ بالآخر انھیں وینٹی لیٹر پر ڈالا گیا لیکن ان کی حالت میں کوئی بہتری نہیں ہوئی اور وہ اس دارِ فانی سے کوچ کر گئیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کے پھیپھڑوں کا مسئلہ سنگین ہو گیا تھا جس کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل کلثوم نواز گردے کے ڈائلسس کے عمل سے گزر رہی تھیں جب ان کے اہل خانہ نے صحت کی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے دعا کی اپیل کی تھی تاہم اب وہ اس دنیا سے رخصت ہو چکی ہیں۔ ایک پاکستانی نیوز چینل کے مطابق حسن نواز کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں جب وہ ہوش میں آئی تھیں اور اشاروں سے بات کرنے کے قابل ہوئی تھیں، وہ اکثر مریم نواز اور نواز شریف کے بارے میں پوچھتی تھیں اور کافی فکرمند تھیں۔ گزشتہ روز بھی جب ان سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے نواز شریف اور مریم نواز شریف کے بارے میں پوچھا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔