’ہم نہ ملک کا نقصان چاہتے ہیں نہ ہی انتشار، صرف الیکشن چاہتے ہیں‘، میڈیا کے سامنے عمران خان کا بیان

عمران خان نے میڈیا کے سامنے کہا کہ ’’میں نے کبھی انتشار کی بات نہیں کی، ملک میں صرف الیکشن چاہتا ہوں۔ سب کو کہتا ہوں کہ سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>عمران خان، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

عمران خان، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کو سپریم کورٹ نے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس فیصلے سے عمران خان اور ان کے حامی بہت خوش ہیں۔ اس فیصلہ سے قبل سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’’یہاں میڈیا موجود ہے، ایک پیغام دینا چاہتا ہوں۔ میں تو گرفتار تھا، پرتشدد مظاہروں کا ذمہ دار کیسے ہو گیا؟‘‘

عمران خان نے میڈیا کے سامنے کہا کہ ’’میں نے کبھی انتشار کی بات نہیں کی، ملک میں صرف الیکشن چاہتا ہوں۔ سب کو کہتا ہوں کہ سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔‘‘ اپنی گرفتار پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’’میرا موبائل فون لے لیا گیا، مجھے پتہ ہی نہیں ملک میں کیا ہوا۔ ہم ملک میں کوئی نقصان چاہتے ہیں نہ انتشار، ہم صرف الیکشن چاہتے ہیں۔‘‘ عمران خان نے کارکنوں کو  پرامن رہنے کی ہدایت کی اور عدالت کو بتایا کہ مجھے کبھی پولیس لائن اور کبھی کہیں لے کر پھرتے رہے، مجھے سمجھ نہیں آیا ہوا کیا ہے۔


واضح رہے کہ 9 مئی کو قومی احتساب بیورو (این اے بی) نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہیں اگلے روز پولیس لائنز میں لگنے والی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ان کا 8 روز کا ریمانڈ منظور کیا تھا۔ تاہم آج سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم صادر کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔