جنگ سے مسئلہ کشمیر کا حل نہیں: عمران خان

اسلام آباد: پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنگ سے مسئلہ کشمیر کا حل نہیں نکلے گا، صرف بات چیت سے یہ مسئلہ حل ہوگا۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان
user

یو این آئی

میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پیر کے روز نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت میں سابق ہندوستانی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے ساتھ اس سلسلے میں اپنی گفتگو کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اٹل بہاری واجپئی نے مجھ سے کہا تھا کہ اگر بی جے پی 2004 میں لوک سبھا انتخابات نہیں ہارتی، تو مسئلہ کشمیر کا حل نکل چکا ہوتا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ سابق ہندوستانی وزیر خارجہ نٹور سنگھ واجپئی کے اس بیان کے گواہ تھے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل موجود ہے اور دونوں ممالک اس کو حل کرنے کے قریب پہنچ چکے تھے۔انہوں نے واضح کیا کہ جنگ سے مسئلہ کشمیر کا حل نہیں نکلے گا اور اس کے حل کا واحد راستہ بات چیت ہے۔

گزشتہ روز ٹی وی چینلوں کے نامہ نگاروں کے ساتھ انٹرویو میں عمران خان نے مزید کہا کہ جب تک بات چیت نہیں ہوگی، تب تک مسئلہ کے حل کی مختلف پہلوؤں پر گفتگو نہيں ہوسکے گی۔

مسئلہ کشمیر کے حل کے آپشن سے متعلق سوال پر عمران خان نے کہا کہ اس مسئلے کے دو یا تین حل موجود ہوسکتے ہیں، جن پر گفتگو ہوتی رہی ہے۔ تاہم، انہوں نے یہ کہتے ہوئے اس سلسلے میں مزید تفصیلات بتانے سے انکار کیا کہ ان آپشن پر بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔

ہندوستان سے کسی جنگ کے امکان کو خارج کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں پڑوسی نیوکلیائی ممالک میں لڑائی نہيں ہوگی، کیونکہ اس کے غیر متوقع اور ناخوشگوار نتائج برآمد ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Dec 2018, 7:09 PM