یو اے ای کے صدر نے پاکستانی آرمی چیف کو 'آرڈر آف یونین' میڈل سے نوازا

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف کو یہ اعزاز 'دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں ان کے نمایاں کردار کے اعتراف میں' دیا گیا۔

شیخ محمد بن زید النہیان سے قمر جاوید باجوہ ایوارڈ لیتے ہوئے، تصویر یو این آئی
شیخ محمد بن زید النہیان سے قمر جاوید باجوہ ایوارڈ لیتے ہوئے، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل قمر جاوید باجوہ کو 'آرڈر آف یونین' میڈل سے نوازا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف کو یہ اعزاز 'دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں ان کے نمایاں کردار کے اعتراف میں' دیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے یو اے ای کے صدر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی و سیکورٹی تعاون اور مشرق وسطیٰ میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان خوشگوار تعلقات اور بھائی چارے کے گہرے جذبے کی ایک عظیم تاریخ ہے جو ایک پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو رہی ہے۔ اس سے قبل 26 جون 2022 کو سعودی ولی عہد اور نائب وزیراعظم محمد بن سلمان نے پاکستانی فوج کے سپہ سالار کو 'کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس' سے نوازا تھا۔


9 جنوری 2021 کو انہیں بحرین کے ولی عہد نے 'بحرین آرڈر (فرسٹ کلاس) ایوارڈ' کا اعزاز عطا کیا، جبکہ 5 اکتوبر 2019 کو اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے 'آرڈر آف ملٹری میرٹ' سے نوازا تھا۔ اسی طرح پاکستان کا دورہ کرنے والے روسی سفیر نے آرمی چیف کو 27 دسمبر 2018 کو 'کامن ویلتھ ان ریسکیو اینڈ لیٹر آف کمنڈیشن آف رشین ماؤنٹینئرنگ فیڈریشن کا اعزاز دیا۔ قبل ازیں 20 جون 2017 کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ترکی لیجن آف میرٹ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔