پاکستان: کوئٹہ شہر میں خودکش بم حملہ، 6 پولس اہلکار ہلاک

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولس کی ایک وین پر خودکش بم حملہ ہوا جس کے نتیجہ میں 6 اہلکار ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دو اور خودکش بمباروں نے کوئٹہ کے علاقے میاں غنڈی میں فرنٹیئر کور کی ایک چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی لیکن اہلکاروں نے انھیں فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

بلوچستان کے سکریٹری  داخلہ غلام علی بلوچ نے صحافیوں کو بتایا  ہے  کہ ایک خودکش حملہ آور  نے چیک پوسٹ کے نزدیک خود کو دھماکے سے اڑا لیا لیکن دوسرا حملہ آور سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں فائرنگ میں ہلاک ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے اور دھماکے میں 8 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

سول اسپتال کوئٹہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کامران نے خودکش بم دھماکے میں پولس اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔ کوئٹہ  کے پولس سربراہ معظم جاہ انصاری کے مطابق حملہ آور ایک موٹر سائیکل پر سوار تھا اور دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس  سے پولس کی گاڑی  الٹ گئی۔

پولس اور فرنٹیئر کور کے اہلکار واقعہ کے بعد جائے دھماکہ پر پہنچے اور علاقے کا محاصرہ کر کے امدادی سرگرمیاں چلائیں۔ فوری طور پر کسی گروپ یا تنظیم نے اس خودکش بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Apr 2018, 7:49 AM