بلوچستان درگاہ میں فدائین حملہ، کم از کم 13 ہلاک

علامتی تصویر - Getty Images
علامتی تصویر - Getty Images
user

قومی آوازبیورو

پاکستان کے بلوچستان واقع صوفی درگاہ میں آج ایک فدائین حملہ آور نے خود کو دھماکہ سے اڑا دیا جس میں کم از کم 13 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس دہشت گردانہ حملہ میں کم از کم 20 لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ ذرائع کے مطابق جس وقت خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکہ سے اڑایا، درگاہ زائرین سے بھری ہوئی تھی۔ ایک پرائیویٹ چینل نے اس سلسلے میں اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بلوچستان کے جھال مگسی ضلع واقع درگاہ فتح پور میں یہ واقعہ پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق پہلے فدائین نے درگاہ کے اندر گھسنے کی کوشش کی لیکن پولس کو شبہ ہو گیا اور اسے روکنے کی کوشش کی گئی۔ اس درمیان فدائین نے درگاہ کے قریب جا کر خود کو دھماکہ سے اڑا دیا۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان انوارالحق کاکر نے ایک خبر رساں ایجنسی سے بات چیت کے دوران اس فدائین حملہ کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ دھماکہ ایسے وقت ہوا جب درگاہ میں سینکڑوں لوگ زیارت کرنے کے لیے موجود تھے۔ دھماکہ میں کم از کم ایک پولس جوان کی موت اور دو کے زخمی ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے سبّی اور ڈیرا مراد جمالی کے اسپتال میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے اور زخمیوں کو علاج کے لیے وہاں داخل کرایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔