پاکستان کے مختلف شہروں میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش، حادثوں میں 10 افراد کی موت، 3 زخمی

پاکستان کے مشرقی صوبے میں بارش سے متعلق مختلف حادثوں میں کم از کم 10 افراد کی موت ہو گئی اور دیگر تین زخمی ہوئے ہیں

پاکستان میں بارش، فائل تصویر / Getty Images
پاکستان میں بارش، فائل تصویر / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

اسلام آباد: پاکستان کے مشرقی صوبے میں بارش سے متعلق مختلف حادثوں میں کم از کم 10 افراد کی موت ہو گئی اور دیگر تین زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پنجاب کے اوکاڑا شہر کے طارق آباد علاقے میں آندھی-بارش کے دوران ایک چھت کے منہدم ہونے سے آٹھ افراد کی موت ہو گئی اور دیگر تین زخمی ہو گئے۔

مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ ہلاکتوں میں تین خواتین، چار بچے اور ایک مرد شامل ہیں۔ زخمیوں کی شناخت ابھی نہیں ہو پائی ہے۔ وہیں ایک دیگر حادثے میں دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان کے محکمہ موسمیات نے پیر کے روز ملک کے مختلف حصوں میں تیزی ہوا کے چلنے اور گرج کے ساتھ بارش ہونے کی بابت الرٹ کر دیا تھا۔


بارش کے سبب بجلی کا نظام درہم برہم

فیصل آباد، سرگودھا اور گوجرانوالا سمیت پنجاب اور پاک مقبوضہ کشمیر کے مختلف شہروں میں تیز آندھی کے بعد موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے باعث فیڈر ٹرپ کر گئے اورکئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ فیصل آباد شہر اور گردونواح میں آندھی کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔

سرگودھا میں تیز گرد آلود آندھی اور موسلادھار بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، گوجرانوالا،جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ گوجرہ، کمالیہ اور شکرگڑھ میں بھی تیز آندھی کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، ساتھ ساتھ بجلی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔