سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا پاکستان دورہ ایک دن کے لئے ملتوی

محمد بن سلمان 16 فروری کو پاکستان جانے والے تھے لیکن اب وہ 17 فروری کو وہاں پہنچیں گے، پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق اپنے پاکستان دورے کی ترتیبات میں انہوں نے کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان دورہ ایک دن کے لئے مؤخر ہو گیا ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں سعودی ولی عہد کے دورے میں تاخیر کا اعلان کیا ہے حالانکہ اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔

بی بی سی اردو کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا، ’’سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 17 اور 18 فروری کو پاکستان کے دورے پر ہوں گے اور ان کی آمد پر طے شدہ پروگرامز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔‘‘ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو 16 فروری کو دو روزہ دورے پر پاکستان آنا تھا۔

پاکستانی وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کے وفد میں شامل افراد کی سیکورٹی کے لیے چار سطح پر مشتمل سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے اہلکار کے مطابق سعودی ولی عہد کی سیکورٹی کے لیے تین ہزار سے زیادہ اہلکار تعینات ہوں گے۔ پنجاب پولس کے ایک اہلکار کے مطابق سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے پہلے ان کے زیر استعمال دس سے زیادہ بلٹ پروف گاڑیاں بھی اسلام آباد پہنچا دی گئی ہیں جبکہ ان کی سیکورٹی پر تعینات ایک سو سے زیادہ گارڈز بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق اس دورے پر سعودی ولی عہد کم از کم 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے متعلق معاہدوں پر دستخط کریں گے جس میں تیل کی ریفائینری کے قیام اور تیل کی برآمد میں تاخیری ادائیگیاں شامل ہوں گی۔

جن شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری متوقع ہے اس میں تیل کی پیداوار کے علاوہ کانکنی کی صنعت، معدنیات، اور تونائی کی پیداوار شامل ہیں۔

سعودی خبر رساں ادارے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے وزیرِ اطلاعات غلام سرور نے بتایا کہ محمد بن سلمان کے دورے کے دوران پاکستانی شہر گوادر میں سعودی کمپنی آرامکو کے ایک جدید ترین پیٹروکیمکل کامپلیکس بنانے کے حوالے سے معاہدوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ اخبار خلیج ٹائمز سے بات کرتے ہوئے پاکستانی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں فیوچرسٹک شہر نیوم کی تعمیر کے لیے پاکستان افرادی قوت بھی فراہم کرے گا۔ نیوم سٹی کا اعلان محمد بن سلمان نے گذشتہ سال کیا تھا اور 500 ارب ڈالر کی مدد سے یہ ایک جدید ترین شہر تعمیر کیا جائے گا جس کی تعمیر سنہ 2025 تک مکمل ہونا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔