پاکستان: صدارتی امیدوار کے طور پر عارف علوی کی نامزدگی

پاکستان میں حکمراں جماعت نے ڈاکٹر عارف علوی کو صدر کے عہدے کے لیے امیدوار نامزد کیا ہے۔ جبکہ نومنتخب وزیر اعظم نے 20 رکنی کابینہ کی منظوری دے دی ہے، جس میں پندرہ وفاقی وزیر اور پانچ مشیر شامل ہوں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

ڈی. ڈبلیو

اپنے ایک اور ٹوئٹر پیغام میں فواد چوہدری نے لکھا کہ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان نے 20 رکنی ملکی کابینہ کی منظوری دے دی ہے، جس میں پندرہ وفاقی وزیر اور پانچ مشیر شامل ہوں گے۔ بعد میں فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر ہی وفاقی کابینہ کے لیے نامزد کردہ وزراء کی وہ فہرست بھی جاری کر دی، جس کے مطابق سینیٹر فروغ نسیم کو قانون اور انصاف کی وزارت دی جائے گی۔ چوہدری طارق بشیر چیمہ سرحدی علاقہ جات کے وزیر ہوں گے، نورالحق قادری کو وزارتِ مذہبی امور کا قلم دان سونپا جائے گا، ڈاکٹر شیریں مزاری کو انسانی حقوق کی وزارت دی جائے گی جب کہ غلام سرور خان کو پٹرولیم کی وزارت سونپی جائے گی۔

تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کو نئی پاکستانی کابینہ میں وزارتِ اطلاعات و نشریات کا قلم دان دیا جائے گا۔ زبیدہ جلال نئی پاکستانی حکومت میں دفاعی پیداوار کے شعبے کی وزیر ہوں گی جب کہ عامر محمود کیانی صحت کے وفاقی وزیر کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں وزیر خارجہ کے بہ طور خدمات انجام دینے والے شاہ محمود قریشی نئی حکومت میں بھی وزیرخارجہ ہی ہوں گے۔ اس حکومت میں وزارت خزانہ کا قلم دان اسد عمر کے حوالے کیا جائے گا۔

ماضی میں وزیر ریلوے کے بطور کام کرنے والے شیخ رشید احمد کو اس حکومت میں بھی وزارت ریلوے تفویض کی گئی ہے۔

حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے رہنما خالد محمود صدیقی اس حکومت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیرہوں گے۔

نئی حکومت میں فہمیدہ مرزا بین الصوبائی رابطہ کاری کی وزارت سنبھالیں گی اور شفقت محمود پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کے سربراہ ہوں گے۔

یہ بات اہم ہے کہ نئی حکومت میں وزارت داخلہ عمران خان نے اپنے پاس ہی رکھا ہے، یعنی یہ قلم دان کسی کے سپرد نہیں کیا گیا۔

نئی کابینہ میں محمد شہباز ارباب اسٹیبلشمنٹ، عبدالرزاق داؤد کامرس، ٹیکسٹائل اور صنعت، ڈاکٹر عشرت حسین، انسٹیٹیوشنل ریفارمز، امین اسلم ماحولیاتی تبدیلیوں اور ظہیرالدین بابر پارلیمانی امور سے متعلق وزیر اعظم کے مشیر ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔