اپنے ملک کی حالت زار دیکھ پارلیمنٹ میں رونے لگے پاکستانی رکن پارلیمنٹ طاہر اقبال، کہا ’اللہ حفاظت کرے‘
پاکستانی رکن پارلیمنٹ طاہر اقبال، ویڈیو گریب
آج پاکستانی پارلیمنٹ میں اس وقت اچانک سناٹا چھا گیا جب سابق فوجی افسر اور رکن پارلیمنٹ طاہر اقبال اچانک جذباتی ہو کر رو پڑے۔ ہندوستان کے ذریعہ ’آپریشن سندور‘ کے تحت پاکستان میں کیے گئے سرجیکل اسٹرائک کے بعد وہاں ڈر و خوف کا ماحول ہے۔ پارلیمنٹ میں سیکورٹی کے متعلق جاری بحث کے دوران طاہر اقبال نے کہا کہ ’’میں دعا کر رہا ہوں، اللہ اِن کی حفاظت کرے۔‘‘
طاہر اقبال کا پارلیمنٹ میں دیا گیا مذکورہ بیان اور جذباتی ہو کر رو دینا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہاں کی سیاسی اور سیکورٹی صورتحال مستحکم نہیں ہے۔ ہندوستانی مسلح افواج کے ’آپریشن سندور‘ نے پاکستان کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔ یہ حملہ عین مطابق، محدود لیکن فیصلہ کن تھا، جس میں دہشت گردوں کے لانچ پیڈ کو نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان سے لے کر ہندوستان تک میں رکن پارلیمنٹ طاہر اقبال کے جذباتی بیان کی ویڈیو کافی وائرل ہو رہی ہے۔
نیوز پورٹل ’ٹی وی9 بھارت ورش‘ کی خبر کے مطابق طاہر اقبال پاکستان کی فوج میں میجر رہ چکے ہیں۔ بعد میں سیاست میں آ کر کئی اہم عہدوں پر بھی فائز رہے۔ وہ وزیر ماحولیات، وزیر امور کشمیر اور پھر بطور رکن پارلیمنٹ پی ایم ایل-این پارٹی سے وابستہ رہے ہیں۔ 2002 اور 2013 میں انہوں نے چکوال سے کثیر ووٹوں سے انتخاب میں جیت درج کی تھی۔ ایک تجربہ کار سیاسی رہنما اور فوج میں سابق میجر ہونے کے باوجود ان کا پارلیمنٹ میں جذباتی ہو کر رو پڑنا اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ وہاں کے لوگ ’آپریشن سندور‘ کے بعد کس طرح ڈرے ہوئے ہیں۔
آپریشن سندور کے بعد سے پاکستان میں اسٹریٹجک وہم اور سیکورٹی کے حوالے سے افراتفری پھیل گئی ہے۔ فوج کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور اپوزیشن حکومت پر دباؤ بنا رہی ہے کہ ہندوستان پر جوابی حملہ کیا جائے۔ حالانکہ معاشی بحران، داخلی عدم استحکام اور عالمی علیحدگی کی وجہ سے پاکستانی حکومت پریشان ہے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ہندوستان کی یہ حکمت عملی صرف دہشت گردی کے ڈھانچے کو ہی نہیں بلکہ پاکستان کی سیاسی سوچ کو بھی متاثر کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔