پاکستانی ریلوے نے ہندوستانی سکھ زائرین سے 10 لاکھ روپے زیادہ کرایے وصولے
پارلیمانی کمیٹی کا کہنا ہے کہ ’’کرتارپور کوریڈور سے پاکستان کے دوسرے علاقوں میں گھومنے والے زائرین کے ساتھ جو سلوک ریلوے نے کیا ہے، وہ قابل معافی نہیں ہے۔ اس سے پاکستانی کی شبیہ خراب ہوئی ہے۔‘‘

پاکستان ریلوے کا ایک عجیب و غریب کارنامہ سامنے آیا ہے۔ پاکستانی ریلوے کے افسران نے ٹرین کی دوری بڑھا کر ہندوستانی سکھ زائرین سے زیادہ کرایہ وصول لیا ہے۔ اس معاملے کے انکشاف سے پارلیمنٹ میں ہلچل مچ گئی ہے۔ پارلیمنٹ کی ریلوے کمیٹی نے افسران کی سرزنش کی ہے۔ ’ڈان اردو‘ کے مطابق ننکانہ صاحب اور کراچی گھومنے آئے ہندوستانی زائرین کے ساتھ پاکستان ریلوے نے دھوکہ دہی کی۔ اس معاملے کا انکشاف تب ہوا جب پارلیمنٹ کی ریلوے کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ کمیٹی نے پایا کہ عام ٹرین کے مقابلے زائرین کے لیے جو ٹرینیں چلائی گئیں، اس سے زیادہ کرایہ وصولا گیا۔
نیشنل اسمبلی کی میٹنگ میں کنوینر رمیش کمار نے ریلوے کے سی ای او کی سخت سرزنش کی ہے۔ رمیش کمار کا کہنا ہے کہ ریلوے نے زائرین سے 10 لاکھ روہے زیادہ وصولے گئے۔ بل میں ہیرا پھیری کر کے ریلوے نے زیادہ کرائے وصولے۔ پارلیمانی کمیٹی کا کہنا ہے کہ کرتارپور کوریڈور سے پاکستان کے دوسرے علاقوں میں گھومنے والے زائرین کے ساتھ جو سلوک ریلوے نے کیا ہے، وہ قابل معافی نہیں ہے۔ اس سے پاکستانی کی شبیہ خراب ہوئی ہے۔
پارلیمانی کمیٹی نے ریلوے سے کہا ہے کہ فوری طور پر معافی مانگیے اور ان مسافرین کو پیسے لوٹائیے، جو یہاں سفر کر کے گئے ہیں۔ کمیٹی نے پاکستانی ریلوے سے کہا ہے کہ اگر ایسا نہیں کیا جاتا ہے تو آگے سخت کارروائی کی جائے گی۔ ساتھ ہی پارلیمانی کمیٹی نے ریلوے کے سی ای او کو ہٹانے کی بھی وارننگ دی ہے۔
واضح رہے کہ پورے معاملے میں ریلوے نے کارروائی کی بات کہی ہے۔ ریلوے کا کہنا ہے کہ نچلی سطح پر یہ کارنامہ ہوا ہے۔ ہم اسے درست کر لیں گے، ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ہم اس معاملے کو کمیٹی کی ہدایات کے مطابق حل کریں گے۔ دوسری جانب نیشنل اسمبلی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس معاملہ کو کسی بھی قیمت پر نہیں دبایا جا سکتا ہے۔ ریلوے اگر مناسب قدم نہیں اٹھاتی ہے تو پارلیمنٹ میں استحقاق کی تحریک لائی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔