نواز شریف سیاست کیلئے تاحیات نااہل قرار

آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دئیے گئے شخص کی نااہلی کی مدت تاحیات ہوگی اور وہ شخص عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اسلام آباد: پاکستان کی سپریم کورٹ نے آرٹیکل 62 (1) (ایف) کے تحت نااہلی کی مدت کی تشریح کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پاکستان تحریک انصاف کے سابق جنرل سکریٹری جہانگیر ترین کی نااہلی کی مدت کو تاحیات قرار دے دیا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 5 رکنی لارجر بنچ نے آرٹیکل 62 (1) (ایف) کے تحت نااہلی کی مدت کی تشریح کے لیے 13 درخواستوں کی سماعت کی۔

عدالت میں جسٹس عمر عطا بندیال نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل قرار دئیے گئے شخص کی نااہلی کی مدت تاحیات ہوگی اور وہ شخص عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے گا۔

اپنے فیصلے میں عدالت نے کہا کہ عوام کو اچھے اخلاق کے حامل لیڈرز کی ضرورت ہے اور جب تک عدالتی ڈیکلریشن موجود ہے، نااہلی رہے گی۔

واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے پانچوں ججز کے اس متفقہ فیصلے کو جسٹس عمر عطا بندیال نے تحریر کیا جبکہ جسٹس عظمت سعید شیخ نے اضافی نوٹ تحریر کیا۔

خیال رہے کہ 14 فروری 2018 کو سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کے دلائل مکمل ہونے کے بعد آرٹیکل 62 (1) (ایف) کے تحت نااہلی کی مدت کی تشریح کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔