پاکستان: عمران خان، شاہ محمود، شیخ رشید سمیت کئی رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو آج اس وقت شدید جھٹکا لگا جب ان کے ساتھ ساتھ ان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کے کئی سرکردہ لیڈروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے۔

عمران خان، تصویر آئی اے این ایس
عمران خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پاکستان میں عام انتخابات کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سمیت دیگر کئی رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے۔ عمران خان نے لاہور اور میانوالی سے نامزدگی کا پرچہ داخل کیا تھا، لیکن بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے۔ عمران خان کے کاغذات نامزدگی این اے 122 لاہور اور این اے 89 میانوالی سے مسترد کیے گئے۔

ریٹرننگ افسر این اے 122 کے مطابق بانی پی ٹی آئی سزا یافتہ ہیں اس لیے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جاتے ہیں۔ دوسری طرف ریٹرننگ افسر  این اے 89 کفایت اللہ نے کہا کہ این اے 89 سے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی کئی اعتراضات کے باعث مسترد کیے گئے۔ ان اعتراضات میں کاغذات نادہندہ اور سزا یافتہ ہونا شامل ہے۔


قابل ذکر ہے کہ این اے 122 سے بانی پی ٹی آئی اور خرم لطیف کھوسہ سمیت 11 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے قومی اسمبلی کے تین اور صوبائی اسمبلی کے ایک حلقے سے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے۔ شاہ محمود قریشی نے این اے 150، 151، این اے 214 تھرپارکر اور حلقہ پی پی 218 سے کاغذات جمع کرائے تھے۔ اس کے علاوہ ان کے بیٹے زین قریشی اور بیٹی مہر بانو کے کاغذات نامزدگی این اے 150 اور 151 سے مسترد ہوئے۔ زین قریشی اور مہر بانو کے کاغذات نامزدگی پی پی 218  جبکہ زین قریشی کے کاغذات نامزدگی پی پی 219 سے بھی مسترد کر دیے گئے۔

پاکستانی میڈیا سے سامنے آ رہی خبروں کے مطابق این اے 57 سے شیخ رشید اور ان کے بھتیجے راشد شفیق کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے۔ این اے 57 سے مسلم لیگ ن کے چودھری دانیال اور سجاد خان کے کاغذات نامزدگی  منظور ہو گئے جبکہ اسی حلقے سے پی ٹی آئی کے چودھری عدنان کے کاغذات منظور ہوئے۔ جھنگ کے این اے 108 سے پی ٹی آئی کے صاحبزادہ محبوب سلطان کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہوئے۔


اس درمیان لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 سے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور اور اسی حلقے سے پی ٹی آئی کی صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے۔ لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 127 سے بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے جبکہ اسی حلقے سے پی ٹی آئی کے اعجاز چودھری کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے۔ این اے 130 لاہور سے پی ٹی آئی کی ڈاکٹر یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہو گئے۔ علاوہ ازیں این اے 51 مری سے پی ٹی آئی کے لطاسب ستی اور سہیل عرفان عباسی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے جبکہ این اے 51 مری سے پی ٹی آئی کے سردار محمد سلیم خان کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔