نواز شریف کی ایک اور پریشانی ، اہلیہ کوگلے کا کینسر

Getty Images
i
user

قومی آواز بیورو

اسلام آباد:سابق وزیراعظم نواز شریف کو اب ایک اور پریشانی کا سامنا ہے ۔ ان کی اہلیہ اور این اے 120 کے ضمنی انتخاب کیلئے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کلثوم نواز کو گلے کا کینسر تشخیص ہوا ہےتاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کا مرض قابل علاج ہے اور مشورہ دیا ہے کہ بلاتاخیر علاج کرایا جائے ، ڈاکٹروں نے علاج کیلئے متعدد آپریشنز پر غور کیا ۔ اب ان کی انتخابی مہم مریم نواز چلائیں گی۔

ذرایع کے مطابق لندن میں زیر علاج بیگم کلثوم نوازکوکل صبح ڈاکٹرزکی ٹیم نے آگاہ کیا کہ انہیں گلے کاکینسر ہے اوروہ بلاتاخیر اسکاعلاج کرائیں۔ بیگم کلثوم نوازکاعلاج کرنے والے برطانوی ڈاکٹرکے مطابق انکاکینسرقابل علاج ہے اورعلاج بھی پیچیدہ نہیں ہوگا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےسابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے فون پر رابطہ کرکے بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نےنوازشریف سےبیگم کلثوم نوازکی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کااظہار کیا۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز اپنی فیملی کے ہمراہ گزشتہ روز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نجی ائیرلائن کے ذریعے لندن روانہ ہوئے ۔ روانگی سے قبل حمزہ شہباز نے این اے 120کی الیکشن کمیٹی سے آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق مختصر گفتگو بھی کی۔رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز میری والدہ کی طرح ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Aug 2017, 12:39 PM