پاکستان: اہانت رسولؐ کے الزام میں سری لنکائی شہری کا قتل، اعلیٰ سطحی جانچ کا حکم

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے، انھوں نے پورے معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کا حکم بھی صادر کر دیا ہے اور انسپکٹر جنرل پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پاکستان کے سیالکوٹ میں جمعہ کے روز ایک سری لنکائی شہری پر ہجوم نے حملہ کر کے اس کا قتل کردیا۔ بعد ازاں سری لنکائی شہری کی لاش کو نذرِ آتش کیے جانے کا بھی معاملہ سامنے آیا ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ سری لنکائی شہری کو اہانت رسولؐ کے الزام میں پہلے تو لوگوں نے خوب پٹائی کی، اور پھر بعد میں اسے جلا دیا۔

’دی ڈان‘ میں اس واقعہ کے تعلق سے ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ معاملہ سیالکوٹ کے وزیر آباد روڈ پر پیش آیا جہاں نجی فیکٹریوں کے کارکنوں نے مبینہ طور پر ایک فیکٹری کے ایکسپورٹ منیجر پر حملہ کر کے اسے قتل کر دیا اور بعد میں اس کی لاش کو جلا دیا۔ سیالکوٹ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر عمر سعید ملک نے اس واقعہ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ مہلوک کی شناخت سری لنکائی باشندہ پریانتھا کمارا کے کے طور پر ہوئی ہے۔


وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے۔ انھوں نے پورے معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کا حکم بھی صادر کر دیا ہے اور انسپکٹر جنرل پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات ہونی چاہیے اور رپورٹ پیش کی جانی چاہئے۔ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس کی بڑی تعداد علاقے میں بھیج دی گئی ہے۔ پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس راؤ سردار علی خان کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ کے ڈی پی او موقع پر موجود ہیں اور واقعہ کے تمام پہلوؤں کی جانچ کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔