پاکستان: جیل میں قید عمران خان کی گزشتہ رات بگڑ گئی تھی طبیعت، علاج کے بعد دوبارہ جیل منتقل

عمران خان اگست 2023 سے جیل میں بند ہیں۔ 2022 میں عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعہ وزیر اعظم کے عہدہ سے ہٹائے جانے کے بعد سے ہی انہیں بدعنوانی کے کئی معاملات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>عمران خان / آئی اے این ایس</p></div>
i

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور کرکٹر سے سیاست داں بنے عمران خان کی جیل میں منگل کی رات طبیعت بگڑ گئی تھی۔ انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے اسپتال لے جانا پڑا تھا۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پی آئی ایم ایس) میں ان کی آنکھوں کی جانچ کی گئی اور بلڈ پریشر کا علاج کیا گیا۔ علاج کے بعد انہیں واپس جیل بھیج دیا گیا۔ بدھ (11 نومبر) کو افسران نے اس کی اطلاع دی۔

ایک افسر کے مطابق 74 سالہ عمران خان کو منگل کی رات اسپتال لایا گیا تھا۔ انہیں بلڈ پریشر سے متعلق پریشانی تھی، جس کے لیے ضروری علاج کیا گیا۔ اس کے بعد انہیں جیل میں ان کی بیرک میں واپس بھیج دیا گیا۔ عمران خان کی اسپتال میں جانچ اور علاج کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب ان کی پارٹی اور وکلاء مسلسل جیل میں ان کی صحت کو لے کر تشویش ظاہر کر رہے ہیں۔


عمران خان کے وکلاء کا کہنا ہے کہ جیل میں رہنے کے دوران ان کی صحت میں گراوٹ آئی ہے۔ وکلاء نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی دائیں آنکھ کی بینائی کافی کم ہو گئی ہے۔ حالانکہ بینائی کم ہونے کے اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے لیکن اسپتال میں ان کی آنکھوں کی جانچ کیے جانے کی اطلاع ضرور سامنے آئی ہے۔ اگست کے بعد یہ پہلی بار ہے جب عمران خان کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا اور پھر واپس جیل بھیج دیا گیا۔ اس سے قبل اگست میں بھی انہیں اسپتال لے جانے کی کارروائی شروع ہوئی تھی، لیکن درمیان میں ہی اسپتال لے جانے کا فیصلہ روک دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ عمران خان اگست 2023 سے جیل میں بند ہیں۔ 2022 میں عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعہ وزیر اعظم کے عہدہ سے ہٹائے جانے کے بعد سے ہی انہیں بدعنوانی کے کئی معاملات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ان کی زیادہ تر سزائیں معطل یا کالعدم قرار دی جا چکی ہیں اور ان سے متعلق اپیلیں عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔ حالانکہ ایک معاملہ میں ان کی سزا برقرار ہے۔ عمران خان نے اپنے اوپر عائد الزامات کو مسترد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ معاملات سیاسی انتقام کے تحت درج کیے گئے ہیں۔ پاکستان کی حکومت ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔


دوسری جانب پاکستان کی ایک عدالت نے جیل انتظامیہ کو عمران خان کی قانونی ٹیم کی ان سے اور ان کی اہلیہ سے ملاقات کرانے کا حکم دیا ہے۔ عمران خان کی پارٹی نے بدھ کو اس کی اطلاع دی۔ پارٹی طویل عرصے سے جیل میں بند اپنے رہنما تک وکلاء اور اہل خانہ کی رسائی کے معاملے پر سوال اٹھاتی رہی ہے۔ عمران خان کی پارٹی کے نائب صدر شاہ محمود قریشی کو بھی منگل کے روز لاہور کی جیل سے اسی شہر کے ایک اسپتال لے جایا گیا۔ وہ فی الحال اسپتال میں داخل ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔