پاکستان: بلوچستان کے ضلع بارکھان میں دھماکہ، 4 افراد جاں بحق، 12 زخمی

عبداللہ کھوسہ کے مطابق دھماکے کے بعد زخمیوں کو رکھنی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

اسلام آباد: بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی بازار میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔ لیویز کنٹرول روم بارکھان کے کانسٹیبل حبیب اللہ نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ڈان نیوز کے مطابق ایس ایس پی بارکھان نجیب پندرانی نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی بارکھان عبداللہ کھوسہ کے مطابق دھماکہ خیز مواد آئی ای ڈی کے ذریعے موٹرسائیکل پر نصب کیا گیا تھا جس پر 2 افراد سوار تھے۔

عبداللہ کھوسہ کے مطابق دھماکے کے بعد زخمیوں کو رکھنی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ اور معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں، دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے بدامنی پیدا کر رہے ہیں، ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف مزید مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔


میر عبدالقدوس بزنجو نے محکمہ داخلہ اور پولیس کو دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں سیکورٹی پلان کا ازسر نو جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور دیرپا امن کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ دھماکے کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی بلوچستان کے ضلع خضدار میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کے اسکواڈ کے قریب دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں دہشت گردی کی نئی لہر اٹھی ہے جس کی وجہ سے بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک بھر میں اکثر دہشت گردی کے حملوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان ملوث ہے، جس کا اعتراف بھی کیا جاتا رہا ہے۔ گزشتہ برس حکومت اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات میں تناؤ کے بعد کالعدم گروہ نے جنگ بندی کے خاتمے کا اعلان اور ملک بھر میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کی دھمکی دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */