پاکستان انتخاب: پیپلز پارٹی نے فتحیابی کی صورت میں 17 وفاقی وزارتوں کو ختم کرنے کا کیا اعلان!

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عام انتخاب میں اگر پارٹی کامیاب ہوتی ہے تو 17 وفاقی وزارتوں کو بند کیا جائے گا اور عوام کو 300 یونٹ تک بجلی مفت دی جائے گی۔

<div class="paragraphs"><p>بلاول بھٹو، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

بلاول بھٹو، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

پاکستان میں آئندہ سال فروری میں ہونے والے عام انتخاب کو لے کر سبھی پارٹیاں سرگرم دکھائی دے رہی ہیں۔ سبھی عوام کو لبھانے والے وعدے کر رہی ہیں اور ملک کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کا دعویٰ بھی کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ اس درمیان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی کچھ اہم اعلانات کیے ہیں۔ انھوں نے وعدہ کیا ہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد وفاق میں 17 بڑی وزارتیں بند کر کے 300 ارب روپے عوام پر لگائے جائیں گے۔

پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق نواب شاہ کے بختاور گرلز کیڈٹ کالج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فرٹیلائزر، توانائی اور دیگر سیکٹرز کو دی جانے والی 1500 ارب روپے کی سبسیڈی مزدوروں اور کسانوں کو براہ راست دینے کا راستہ ہموار کیا جائے گا۔ ساتھ ہی بلاول نے یہ بھی کہا کہ اقتدار میں آ کر کسان، مزدور اور نوجوان کارڈ اور غریبوں کو 300 یونٹ تک بجلی مفت دی جائے گی۔


بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان میں برسراقتدار ہونے پر سولر اور ونڈ پاور منصوبے لگا کر اپنی بجلی خود پیدا کریں گے تاکہ ملک کے حالات بہتر ہو سکیں۔ اس طرح کے منصوبوں سے واپڈا اور کے الیکٹرک کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ساتھ ہی چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ آئندہ آنے والی حکومت کو وعدہ کرنا ہوگا کہ 5 سال کے اندر تنخواہیں دوگنی کرے گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’پرانے سیاستداں پاکستان کا ماضی ہیں، آپ مستقبل ہیں، ہم مل کر محنت کریں گے اور ملک کی ترقی میں حصہ لیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔