نواز شریف مع خاندان عدالت میں طلب

Getty Images
Getty Images
user

قومی آوازبیورو

اسلام آباد :اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر مزید 2 ریفرنسز میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کو 19 ستمبر اور وزیر خزانہ اسحق ڈار کو 20ستمبر کو طلب کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو فلیگ شپ ریفرنس میں 19 ستمبر کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا۔ احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر مزید 2 ریفرنسز میں شریف خاندان کے دیگر افراد کو بھی اسی روز طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور ان کے بیٹوں کو العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس جب کہ مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کو لندن فلیٹ ریفرنس میں طلب کیا گیا ہے۔ یہ دونوں ریفرنس بھی نیب نے اعتراضات کو دور کر کے جمعرات کو دوبارہ احتساب عدالت میں بھیجے تھے۔ دوسری جانب احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نیب ریفرنس میں 20 ستمبر کو طلب کیا ہے۔ نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات کا ریفرنس، اسلام آباد کی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں جمع کرایا تھا جس پر رجسٹرار نے اعتراض لگا کر اسے واپس کردیا تھا اور ضروری دستاویزات بھی لگانے کا حکم دیا تھا۔ دریں اثناء احتساب عدالت کے جج نے اوپن کورٹ میں میڈیا کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کہا ہے کہ عدالتی عملہ سماعت کے بعد میڈیا کو کارروائی سے آگاہ کرے گا۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Sep 2017, 9:29 AM