پیسوں کی خاطر امریکہ کے سامنے جھک گیا پاکستان!

یوکرین کو سپلائی کرنے کے لیے پاکستان نے ایک خفیہ معاہدہ کے تحت امریکہ کو اسلحے فروخت کیے، اس کے بدلے معاشی بحران سے نبرد آزما پاکستان کو آئی ایم ایف نے بیل آؤٹ پیکیج دیا ہے۔

پاکستان، تصویر آئی اے این ایس
پاکستان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پاکستان اس وقت زبردست معاشی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ پڑوسی ملک میں مہنگائی بھی عروج پر ہے۔ ایسے ماحول میں خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ یوکرین کو سپلائی کرنے کے لیے پاکستان نے ایک خفیہ معاہدہ کے تحت امریکہ کو اسلحے فروخت کیے ہیں۔ اس کے بدلے معاشی بحران سے نبرد آزما پاکستان کو آئی ایم ایف نے بیل آؤٹ پیکیج دیا ہے۔ یہ دعویٰ ایک نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ اس دعویٰ کے حق میں پاکستانی اور امریکی حکومت کے دستاویزوں کا حوالہ پیش کیا گیا ہے۔ حالانکہ پاکستانی حکومت نے ان الزامات کو خارج کر دیا ہے۔

دراصل آن لائن تحقیقاتی ویب سائٹ ’دی انٹرسپٹ‘ نے ایک رپورٹ شائع کی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ یوکرینی فوج کے استعمال کے لیے پاکستان اور امریکہ کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس معاہدے کے لیے مبینہ طور پر امریکہ نے پاکستان پر دباؤ بنایا۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے تین ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پیکیج ملا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس بیل آؤٹ پیکیج کو پانے کے لیے ہی امریکہ کے دباؤ میں پاکستان نے یہ قدم اٹھایا۔ حالانکہ پاکستان کے محکمہ خارجہ کی ترجمان ممتاز ظاہرہ بلوچ نے رپورٹ میں کیے گئے دعووں کو خارج کرتے ہوئے اور اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔


ظاہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ روس-یوکرین جنگ میں پاکستان کی پالیسی سخت طور پر غیر جانبدار رہنے کی ہے اور کسی بھی ملک کو اسلحہ یا گولہ بارود مہیا نہیں کرائے گئے ہیں۔ اسلحہ برآمدگی کو لے کر پاکستان کے سخت اصول ہیں۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ جولائی میں یوکرین کے وزیر خارجہ دمتری کولیبا نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران کولیبا نے پاکستان کے ذریعہ یوکرین کو اسلحہ سپلائی کرنے سے متعلق پھیل رہی خبروں کو خارج کر دیا تھا۔ پاکستان کے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی ان الزامات کو خارج کیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اپریل میں بی بی سی کو دیے ایک انٹرویو میں یوکرین کے ایک سرکردہ کمانڈر نے بتایا تھا کہ انھیں پاکستان سمیت کئی ممالک سے اسلحے ملے ہیں، لیکن یوکرین کی حکومت نے اس سے انکار کر دیا تھا۔ گزشتہ سال جب 24 فروری کو روس-یوکرین جنگ شروع ہوا تھا تو اس کے بعد سے ہی پاکستان کی کوشش رہی ہے کہ روس اور امریکہ کے درمیان وہ توازن بنائے رکھے۔ حالانکہ تازہ رپورٹ پر یقین کیا جائے تو امریکی دباؤ کے آگے پاکستان جھک گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔