اسلام آباد میں رات 10 بجے کے بعد شادی تقریب پر پابندی، صرف ایک پکوان کی اجازت

پاکستانی حکومت نے اسلام آباد میں رات 10 بجے کے بعد شادی کی تقریب پر پابندی عائد کر دی ہے، مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ سے یہ پابندی نافذ کی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

حکومت پاکستان نے اسلام آباد میں رات 10 بجے کے بعد شادی کی تقاریب پر پابندی عائد کر دی ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکم امتناع بدھ سے نافذ العمل ہوگا۔ جیو نیوز کی ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر یہ پابندی عائد کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شادی میں مہمانوں کے لیے صرف ایک پکوان پیش کرنے کی اجازت دی جائے گی اور اس نئی پابندی کے سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ کو پابندیوں کو سختی سے نافذ کرنے کے لیے مطلع کر دیا گیا ہے۔ احکامات کی خلاف ورزی پر اسلام آباد انتظامیہ کے ذریعہ سخت کارروائی کی جائے گی۔ دوسری طرف مرکزی کابینہ نے سرکاری دفاتر میں ہفتہ کے روز ہفتہ واری تعطیل بحال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب نے منگل کو ایک اہم مرکزی کابینہ میٹنگ کے بعد اس سلسلے میں اعلان کیا تھا۔


جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق کابینہ کی میٹنگ وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوئی اور تبادلہ خیال کیا گیا کہ حکومت بجلی بحران سے کس طرح نمٹ سکتی ہے، تاکہ عوام کو گھنٹوں بجلی تخفیف کا جو سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کا حل نکل سکے۔ اورنگ زیب کے مطابق محکمہ بجلی نے بین الاقوامی بازار میں تیل اور گیس کی آسمان چھوتی قیمتوں کے درمیان بجلی کی کمی سے نمٹنے کے لیے ایک بجلی تحفظ منصوبہ پیش کیا اور محکمہ مالیات نے بھی ایک منصوبہ پیش کیا۔ میٹنگ کے دوران کابینہ نے پھر سے ہفتہ کو چھٹی کا دن اعلان کرنے کو منظوری دے دی، لیکن بجلی تحفظ کے لیے شام 7 بجے تک بازار بند کرنے پر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ جمعہ کو گھر سے کام (ورک فروم ہوم) کرنے اور بازاروں کو جلد بند کرنے کی اجازت دینے کے مشورے پیش کیے گئے ہیں۔ ایک کابینہ ذیلی کمیٹی کی تشکیل کی گئی ہے جو اب بازاروں کو جلد بند کرنے پر غور کرے گی اور دیگر کاروباریوں اور کمرشیل شعبہ کے اسٹیک ہولڈرس کے ساتھ مشورہ کرے گی۔ اس کے علاوہ وزرا اور سرکاری ملازمین کے ایندھن کوٹے میں 40 فیصد کی تخفیف کو بھی منظوری دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔