پاکستان: کورونا وبا کے باوجود بیرون ملک مقیم محنت کشوں نے ریکارڈ رقم بھیجی

’ڈان‘ نے ’اے پی پی‘ کے اسٹیٹ بینک کے حوالہ سے شائع ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ جولائی سے لے کرمارچ 2021 تک کی مدت میں سعودی عرب رقم بھیجنے کے حوالے سے سب سے بڑا ملک ثابت ہوا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

اسلام آباد: بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت کشوں نے عالمی وبا کورونا کے باوجود پاکستان کی معیشت میں اہم شراکت نبھاتے ہوئے ریکارڈ دو ارب ڈالر سے زائد کی رقم ترسیل کی ہے۔ جس پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خاں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

'ڈان' نے سرکاری خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کے اسٹیٹ بینک کے حوالہ سے شائع ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ جولائی سے لیکرمارچ 2021 تک کی مدت میں سعودی عرب رقم بھیجنے کے حوالے سے سب سے بڑاملک ثابت ہوا ہے۔ سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے اس عرصہ میں 5.731 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں میں 20 فیصد زائد ہے۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے 4.775 ارب ڈالر کا زر مبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔


رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اس فہرست میں دوسرا بڑاملک ثابت ہوا ہے۔ یواے ای میں مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 4.526 ارب ڈالرکا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال اسی مدت میں 4.219 ارب ڈالر تھا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق برطانیہ اورامریکہ اس فہرست میں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبرپر ہیں۔ اس سے قبل رواں برس جنوری میں رپورٹ سامنے آئی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے دسمبر میں بھیجی گئی ترسیلات زر سالانہ بنیادوں پر 16.2 فیصد تک بڑھ کر 2 ارب 43 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہیں جبکہ دسمبر 2019 میں یہ 2 ارب 9 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہی تھی۔ ملک میں دسمبر 2020 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2 ارب 43 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں جو مسلسل 7 ویں مہینے کے لیے 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہیں۔


اسی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے 6 ماہ کے دوران بہاؤ میں 24.9 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 14 ارب 20 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 11 ارب 37 کروڑ20 لاکھ ڈالر تھی۔ بعد ازاں فروری میں رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ رواں مالی سال کے دوران زر مبادلہ کی شرح میں بڑا اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا اور اگست 2020 (مالی سال 21) میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت سب سے کم ہوگئی، پچھلے سال 20 اگست کو ڈالر 168.70 روپے پر پہنچ گیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی محنت کشوں کے کورونا وبا کے باوجود مسلسل رقم بھیجنے پر اظہار خوشی کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ مثبت اشاریوں پر وزیراعظم نے کہا تھا کہ ’ماشااللہ پہلی مرتبہ پاکستان کی ترسیلات مسلسل 6 ماہ تک 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہی، رواں مالی سال کے ان 6 ماہ کی ترسیلات کا مجموعی حجم 14 ارب 20 کروڑ ڈالر رہا جو گزشتہ برس سے 24.9 فیصد زیادہ ہے‘۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے ترسیلات زر میں اضافے کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملک سے محبت اور وابستگی قرار دی۔ انہوں نے کہا کہ "بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملک سے محبت اور وابستگی بے مثال ہے، آپ نے تمام ریکارڈ توڑ کر کووڈ 19 کے باوجود مسلسل 10 ماہ تک ماہانہ 2 ارب ڈالر سے زائد بھیجے ہیں"۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی ترسیلات زر مارچ میں بڑھ کر 2 ارب 70 کروڑ ڈالر ہوگئیں جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 43 فیصد زیادہ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */