ابھینندن کو جلد رہا کرنے سے حزب اختلاف پاکستانی حکومت سے ناراض

پاکستانی پارلیمنٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی لیڈر شیری رحمن نے عمران خان حکومت سے سوال پوچھا ہے کہ ابھینندن کو رہا کرنے کی اتنی ’جلد بازی‘ کیا تھی!

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اسلام آباد: ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کو رہا کرنے پر پاکستان کی عمران خان حکومت سے اپوزیشن خاصہ ناراض نظر آ رہا ہے۔ پاکستانی پارلیمنٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی لیڈر شیری رحمن نے عمران خان حکومت سوال سے پوچھا ہے کہ ابھینندن کو رہا کرنے کی اتنی ’جلد بازی‘ کیا تھی!

شیری رحمن نے جمعہ کو پارلیمنٹ میں بحث کے دوران کہا کہ یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ دوسری طرف سے کیا پیغام آیا۔ انہوں نے سوال کیا ’’کیا ہندوستان بات چیت کے لئے تیار ہوا‘‘۔

پی پی پی لیڈر نے کہا کہ وہ ہندوستانی پائلٹ کو رہا کیے جانے کے خلاف نہیں ہیں لیکن یہ جاننا چاہتی ہیں کہ کیا ہندوستان نے پاکستان سے رہائی کا مطالبہ کیا تھا؟ انہوں نے کہا ’’اگر ہم سے اس سلسلہ میں کچھ نہیں کہا گیا تو یہ ایک ناتجربہ کارسفارتی قدم ہے‘‘۔

امریکہ کو ہندوستان کا ایک ساتھی بتاتے ہوئے شیری رحمن نے کہا کہ پاکستان سے کہا گیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف قدم اٹھائے۔ ابھینندن کو رہا کیے جانے کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے شیری رحمن نے کہا ’’ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے بار بار ٹیلی فون کیے جانے پر بھی جواب نہیں دیا‘‘۔

انہوں نے سوال کیا یہ پائلٹ کو رہا کرنے کا فیصلہ راتوں رات کیسے ہو گیا اور ہندوستان نے اس قدم کا کیا جواب دیا! ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو کم سے کم وزیر اعظم کے ٹیلی فون کا جواب تو دینا چاہیے تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */