بلوچستان میں مسلح افراد کا حملہ، پنجاب جانے والے 9 مسافروں کو اغوا کے بعد کیا قتل
بلوچستان میں مسلح افراد نے پنجاب جانے والی دو گاڑیوں کو روک کر 9 مسافروں کو اغوا کیا اور بعد میں قتل کر دیا۔ حملے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ نے قبول کر لی ہے

سوشل میڈیا
کوئٹہ: پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جمعرات کی رات پیش آنے والے اندوہناک واقعہ میں نامعلوم مسلح افراد نے پنجاب جانے والی دو گاڑیوں کو روک کر ان میں سوار مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کیے اور 10 افراد کو زبردستی گاڑیوں سے اتار کر اغوا کر لیا۔ بعد میں ان میں سے 9 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔
ڈان کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ سور دکئی کے قریب این-70 ہائی وے پر پیش آیا، جب دونوں گاڑیاں لورلائی سے ژوب کی جانب جا رہی تھیں۔ مسلح افراد نے سڑک جام کر کے گاڑیوں کو روکا اور مسافروں کے قومی شناختی کارڈز کی جانچ پڑتال کے بعد خاص طور پر ان افراد کو نشانہ بنایا جن کا تعلق پنجاب سے تھا۔ اغوا کے بعد حملہ آوروں نے گاڑیوں کو چھوڑ دیا، جبکہ مغویوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔ ایک شخص کو کسی وجہ سے چھوڑ دیا گیا، باقی 9 افراد کو قتل کر دیا گیا۔
ژوب کے اسسٹنٹ کمشنر نوید عالم نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام 9 لاشیں علاقے سے برآمد کر لی گئی ہیں اور انہیں رکھنی منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ وہاں سے پنجاب میں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کیا جا سکے۔ لاشوں کی شناخت کے بعد متاثرہ خاندانوں کو اطلاع دے دی گئی ہے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ عسکریت پسند عناصر نے کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی رات کاکت، مستونگ اور سور دکئی میں تین مختلف مقامات پر حملے کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے شناختی بنیاد پر نشانہ بنایا اور گاڑیوں پر فائرنگ کر کے مسافروں کو ڈرایا تاکہ کوئی فرار نہ ہو سکے۔ اغوا کے بعد سیکورٹی فورسز نے این-70 ہائی وے پر آمد و رفت بند کر دی اور ملزمان کی تلاش کے لیے بڑا سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
بعد ازاں کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ تنظیم کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جنگجوؤں نے موسیٰ خیل-مختار اور کھجوری کے درمیان ہائی وے بلاک کر کے ان افراد کو نشانہ بنایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔