نواز شریف مسلم لیگ (ن) کے بلامقابلہ صدر منتخب

مسلم لیگ (ن) نے انتخابی اصلاحات بل 2017 سینیٹ اور نیشنل اسمبلی سے منظور کرایا جس کی منظوری صدر مملکت ممنون حسین نے بھی دی جس کے بعد نااہل شخص کسی جماعت کا سربراہ بن سکتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے پناما کیس کے فیصلے کے بعد کسی بھی عہدے کے لئے نااہل ہونے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا بلا مقابلہ صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے پارٹی صدر کے انتخاب کے لئے اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما راجا ظفرالحق، سرتاج عزیز اور یعقوب ناصر بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری، امیر مقام، صابر شاہ اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

مسلم لیگ (ن) میں پارٹی صدر کے انتخاب کے لئے امیر افضل مندوخیل نے ریٹرننگ آفیسر اور راجا نیازی نے سیکریٹری کے فرائض انجام دیے۔ وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر کے انتخاب کے لئے سابق وزیراعظم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرا ئے، طارق فضل چوہدری نواز شریف کے تجویز کنندہ اور رانا افضل تائید کنندہ تھے۔ پارٹی صدرکے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی صبح ساڑھے 9 بجے تک وصول کیے جانے تھے تاہم نواز شریف کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔

مسلم لیگ (ن) نے انتخابی اصلاحات بل 2017 سینیٹ اور نیشنل اسمبلی سے منظور کرایا جس کی منظوری صدر مملکت ممنون حسین نے بھی دی جس کے بعد نااہل شخص کسی جماعت کا سربراہ بن سکے گا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو پارٹی سربراہ بنانے کے لئے گزشتہ روز پارٹی کے قائم مقام صدر سردار یعقوب ناصر کی صدارت میں جنرل کونسل کے اجلاس میں پارٹی آئین میں ترمیم کی توثیق کی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ پارٹی آئین ترمیم کی پہلے ہی منظوری دے چکی تھی جب کہ اجلاس میں نواز شریف پر اعتماد کے اظہار کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صدر منتخب کئے جانے کے بعد پارٹی رہنماؤ ں میں گرم جوشی دیکھی جا رہی ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہےکہ نوازشریف کو سازش سے نہیں ہٹایا جاسکتا وہ آئندہ الیکشن میں پھر وزیراعظم بن جائیں گے۔

وہیں انتخابی اصلاحات ایکٹ کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے اشتیاق چوہدری درخواست دائر کر چکے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ میں داخل کی گئی درخواست کے متن کے مطابق انتخابی اصلاحات میں ترمیم آئین کی روح کے منافی ہے اس لئے اسے کالعدم قرار دیا جائے۔دوسری جانب تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی انتخابی اصلاحات ایکٹ 2017 کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنس میں میاں نوازشریف پر فرد جرم کا معاملہ 9 اکتوبر تک مؤخر کردیا ہے جب کہ کیس میں عدم پیشی پر نوازشریف کے صاحبزادوں اور داماد کے نام ناقابل ضمانت اور مریم نواز کے نام ضمانتی وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Oct 2017, 3:57 PM