نواز شریف، مریم اور صفدر اڈیالہ جیل سے رِہا، حامیوں میں جشن

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کپٹن ر صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔

نواز شریف اور مریم نواز کی فائل تصویر
نواز شریف اور مریم نواز کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

19 Sep 2018, 9:08 PM
نواز شریف، مریم نواز اور صفدر کی صعوبتیں ختم، اڈیالہ جیل سے ملی آزادی

پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو راولپنڈی واقع اڈیالہ جیل سے آزادی مل گئی ہے۔ ان کے ساتھ ساتھ بیٹی مریم نواز اور داماد صفدر کو بھی آزادی مل گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق انھیں اب لاہور لے جایا جائے گا۔ نواز شریف، مریم نواز اور صفدر کو جیل سے آزاد کیے جانے کی خبر ملنے کے بعد سے ہی پی ایم ایل (این) حامیوں میں زبردست خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی جو کہ ابھی تک جشن منا رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ آج صبح ہی اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ بدعنوانی معاملہ میں سابق پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کی سزاؤں کو معطل کر دیا تھا۔ کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اب انھیں اڈیالہ جیل سے آزادی مل گئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا تھا کہ جب تک ان تینوں کی بریت کا فیصلہ نہیں ہوتا اس وقت تک سزائیں معطل رہیں گی۔

19 Sep 2018, 6:10 PM
پی ایم ایل (این) لیڈر مریم اورنگ زیب کی آنکھوں میں آئے خوشی کے آنسو

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ذریعہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد صفدر کی رہائی کے حکم کے بعد پی ایم ایل (این) لیڈر مریم اورنگ زیب خوشی کے مارے اپنا آنسو نہیں روک پائیں۔ خوشی کے آنسو دوپٹے سے پونچھتے ہوئے مریم اورنگ زیب کا ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گیا ہے۔

19 Sep 2018, 5:02 PM

نواز شریف ان کی بیٹی اور داماد کی سزا معطل کرنے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف نیب (قومی احتساب بیورو) کی ایک میٹنگ کا انعقاد ہوا۔ میٹنگ کے دوران فیصلہ لیا گیا کہ اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی جائے گی۔


19 Sep 2018, 4:50 PM
’شریف جیل سے رہائی کے بعد لاہور جائیں گے‘

مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے نجی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف جیل سے رہائی کے بعد لاہور جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف لاہور جہاز کے ذریعے جائیں گے کیونکہ آج ان کے حالات بہت مختلف ہیں۔ انہوں نے کہا ’’جب جی ٹی روڈ سے جانے کا وقت تھا تو جی ٹی روڈ سے گئے تھے اب مختلف وقت ہے۔‘‘

’یہ ایک عارضی فیصلہ ہے، ان کی آخری منزل اڈیالہ جیل ہی ہے‘

ادھر حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عارضی فیصلہ ہے اور شریف خاندان کی حتمی منزل اڈیالہ جیل ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تو اپیل کی سماعت ہونا باقی ہے اور اس میں بھی چند ہفتے لگیں گے جس کے بعد نواز شریف، ان کی بیٹی اور داماد واپس جیل میں ہوں گے۔ ’ان کی آخری منزل اڈیالہ جیل ہی ہے۔‘

19 Sep 2018, 4:23 PM
نواز شریف کے حامیوں میں جشن کا ماحول

19 Sep 2018, 4:19 PM
’کیا نواز شریف کی سزا انہیں سیاست سے دور کرنے کے لئے تھی‘

پاکستان کی معروف صحافی مہرین زہرا ملک نے نواز شریف کی رہائی پر سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’اس فیصلے کا کیا مطلب ہے اور کیا نواز شریف کو سنائی جانے والی سزا صرف ان کو 25 جولائی کے انتخابات سے دور رکھنے کے لیے تھی یا اس کا مقصد انھیں مستقل سیاست سے دور رکھنے کے لئے تھا!‘‘

19 Sep 2018, 3:57 PM

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ بدعنوانی معاملہ میں سابق پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کی سزاؤں کو معطل کر دیا۔ عمل پورا ہو جانے کے بعد ان تینوں کو آج ہی اڈالہ جیل سے رہا کر دیا جائے گا۔

بی بی سی اردو کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے مختصر فیصلے میں کہا کہ جب تک ان تینوں کی بریت کا فیصلہ نہیں ہوتا اس وقت تک سزائی معطل رہیں گی۔

قبل ازیں، اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کپٹن صفدر (ریٹائرڈ) کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت شروع ہوئی۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ پر مشتمل جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے کی۔ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر اکرم قریشی عدالت میں پیش ہوئے۔

پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور نواز شریف کے بھائی شہباز شریف نے سزا کی معطلی کے فیصلے کے بعد ٹوئٹر پر قرآن کی آیت پوسٹ کی۔

آیت کے اردو معنی: ’حق آگیا اور باطل مٹ گیا، بے شک باطل مٹنے کے لیے ہی ہے‘

یاد رہے کہ 6 جولائی کو شریف خاندان کے خلاف نیب کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال جبکہ داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔


19 Sep 2018, 4:07 PM

سپریم کورٹ نے 17 ستمبر کو نوازشریف اور مریم نواز کی سزامعطلی کی اپیلوں کے خلاف نیب کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے نیب پر بیس ہزار کا جرمانہ بھی لگایا تھا۔

ہائی کورٹ نے سزامعطلی کی درخواست نیب کی اپیل سے پہلے سننے کا فیصلہ دیا تھا اور نیب نے ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائرکی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔