جناح کی اکلوتی بیٹی دینا واڈیا کا انتقال

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پاکستانی قائد اعظم محمد علی جناح کی اکلوتی صاحبز ادی دینا واڈیا کا کل نیو یورک میں 98سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ۔ جناح کے علاوہ ان کی ایک پہچان یہ بھی ہے کے وہ ہندوستان کے بڑے صنعت کار نسلی واڈیا کی والدہ محترمہ بھی تھیں ۔ نسلی واڈیا بامبے ڈائنگ ، بریٹینیا انڈسٹریز اور گو ایئر کمپنیوں کے مالک ہیں۔ اگر ہم جناح کی اپنی فیملی پر نظر ڈالیں تو انہوں نے 42سال کی عمر میں 16سال کی رتنبائی ’ رتی‘ پیٹٹ پارسی لڑکی سے شادی کی تھی۔ یہ جناح کی دوسری شادی تھی اور اس شادی نے ہنگامہ برپا کر دیا تھا۔ رتنبائی ایک بڑے پارسی تاجر دن شا پیٹٹ کی بیٹی تھیں۔ دن شا کا خاندان پہلا خاندان تھا جس نے ممبئی میں کپڑے کی پہلی مل لگائی تھی اور یہ خاندان فلاحی کاموں کے لئےبہت مشہور تھا۔ دن شا کی شادی جمشید جی ٹاٹا جی کی بھانجی سے ہوئی تھی ۔ رتنبائی کے رومانس اور پھر گھر سے بھاگ کر شادی کرکے مذہب تبدیل کرنے پر پوری پارسی برادری انتہائی غصے میں تھی۔ رتنبائی کو ان کے اس عمل کی وجہ سے برادری سے باہر کر دیا گیا تھا۔

مصنفہ شیلا ریڈی نے حال ہی میں لکھی ایک کتاب ’مسٹر اینڈ مسز جناح‘ میں تحریر کیا ہے ’’ رتنبائی کی انتہائی پیار اور خیال رکھنے والی شخصیت میں ایک کمی یہ تھی کہ انہوں نے اپنی بچی پر پوری توجہ نہیں دی اور وہ اپنی اکلوتی بیٹی کو ملازمہ کے پاس چھوڑ دیتی تھیں‘‘ حقیقت یہ ہے کہ رتنبائی کی بیٹی اس قدر عدم توجہی کی شکار ہوئیں کہ 10سال کی عمر تک ان کا کوئی نام ہی نہیں رکھا گیا تھا۔ دینا واڈیا کی والدہ کا انتقال 29سال کی عمر میں ہو گیا تھا ۔

محمد علی جناح اور ان کی اہلیہ رتن بائی جناح
محمد علی جناح اور ان کی اہلیہ رتن بائی جناح

دینا واڈیا کے والدین کی شادی بالکل تضاد ماحول کے افراد کا ملن تھا۔ جناح رتنبائی کے والد سے صرف 3سال چھوٹے تھے اور بہت گھمنڈی، الگ تھلگ رہنے والے ، محتاط اور مذہبی خوجہ مسلم خاندان سے تعلق رکھتے تھے ، جبکہ رتنبائی لاڈ پیار میں پلنے والی جذباتی لڑکی تھی۔ رتنبائی کے انتقال کے بعد جناح علیحدہ مسلم اکثریتی ریاست بنانے کی سیاست میں بہت مصروف ہو گئے اور انہوں نے دینا واڈیا کی نانی دنبائی پیٹٹ کو نہ صرف اپنی بیٹی کی دیکھ بھال کی اجازت دے دی بلکہ اس بات کی بھی اجازت دے دی کہ وہ اس کو اپنا نام بھی دے سکتی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ جناح جذباتی شخص نہیں تھے لیکن دو مرتبہ ایسا ہو ا ہے جب وہ سب کے سامنے روئے ہیں۔ ایک مرتبہ رتنبائی کے انتقال پر اور دوسری مرتبہ جب وہ پاکستان جا نے سے قبل آخری مرتبہ اپنی اہلیہ رتنبائی کی قبر پر گئے تھے۔

جناح کی اکلوتی بیٹی دینا واڈیا کا انتقال

کم عمری میں والدہ کے انتقال کے باوجود دینا واڈیا کا بچپن اچھا گزرا اور ان کی پرورش پارسی ماحول میں ہی ہوئی۔ جناح اس وقت حیران رہ گئے جب ان کی 17سالہ بیٹی نے ان کو بتایا کہ وہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے بڑے گھرانے سے تعلق رکھنے والے نیوائل واڈیا سے شادی کرنے جا رہی ہیں ۔ جناح یہ خبر سن کر اس قدر ناراض ہوئے تھے کہ انہو ں نے بیٹی سے کہا تھا کہ ہندوستان میں لاکھوں مسلم لڑکے ہیں وہ ان میں سے کسی کا بھی انتخاب کر سکتی تھیں جس کے جواب میں بیٹی نے جناح سے کہا تھا ’’ہندوستان میں لاکھوں مسلم لڑکیاں تھیں، پھر آپ نے ان میں سے کسی کا کیوں انتخاب نہیں کیا تھا‘‘۔ بیٹی کی یہ شادی جناح کے لئے بڑی سیاسی ہزیمت کی وجہ بنی تھی ۔ اس کے بعد جناح کے اپنی بیٹی سے تعلقات خراب رہے ۔ پاکستان رخصت ہونے سے قبل وہ بیٹی اور ان کے دونوں بچے نسلی واڈیا اور ڈائنا واڈیا سے ملے تھے ۔ دینا واڈ یا اپنے بیٹے ، پوتے اور پوتی کے ساتھ 2003 میں پاکستان کے دورے پر گئی اور اس موقع پر اپنے والد کی قبر پر بھی گئی تھیں۔ اس وقت بہت سے پاکستانیوں کو یہ جان کر حیرانی ہوئی تھی کہ قائد اعظم کی اولاد پارسی ہے اور وہ ہندوستان میں رہ رہی ہے ۔ دینا واڈیا نے اپنی زندگی کا زیادہ تروقت نیو یارک میں گزارا اور سال میں ایک مرتبہ ہندوستان اپنے بیٹے کے پاس ضرور آتی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Nov 2017, 11:24 AM