پاکستان: خاتون صحافی زینت کی دوسال بعدگھر واپسی

زینت شہزادی جنہیں دو سال قبل ایک ہندوستانی انجینئر کے معاملہ کی چھان بین کرتے وقت اغوا کر لیا گیا تھا، اب رہا کرا لیا گیا ہے۔

زینت شہزادی کی فائل تصویر
i
user

قومی آواز بیورو

کراچی: پاکستان کےلاہور سے 2015 میں لاپتہ ہونے والی خاتون صحافی زینت شہزادی کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ زینت شہزادی کو دو سال قبل ایک ہندوستانی انجینئر کے معاملہ کی چھان بین کرتے وقت مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا تھا۔

’ڈیلی نئی خبر‘اور ’میٹرو نیوز ٹی وی چینل‘ کی صحافی زینت شہزادی کو 19 اگست 2015 کو اغوا کیا گیا تھا۔ گھر سے دفتر جاتے وقت کچھ نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر انہیں اغوا کیا تھا۔ تصور کیا جا رہا تھا کہ 26 سالہ خاتون صحافی زینت شہزادی کو ’زبردستی اغوا‘ کیا گیا ہے کیوں کہ وہ ہندوستانی شہری حامد انصاری کے معاملہ میں کام کر رہی تھیں جوکہ نومبر 2012 کو لاپتہ ہو گیا تھا۔

انھوں نے گمشدہ ہندوستانی شہری حامد انصاری کی والدہ فوزیہ انصاری کی جانب سے سپریم کورٹ کے انسانی حقوق سیل میں درخواست دائر کی تھی۔ اطلاعات تھیں کہ حامد انصاری پاکستان سے لاپتہ ہوگئے تھے۔ حامد انصاری کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ پاکستان میں ایک خاتون کی تلاش میں تھے جن سے ان کی انٹرنیٹ میں دوستی ہوئی تھی۔

گمشدہ لوگوں کیلئے تشکیل کمیشن کے صدر جسٹس (رٹائرڈ) جاوید اقبال نے بی بی سی اردو سے بات چیت کے دوران زینت شہزادی کی واپسی کی تصدیق کی ہے۔ جسٹس اقبال نے کہا، ’’زینت کو بدھ کی شب پاکستان-افغان سرحد کے پاس سے برآمد کیا گیا۔ انہوں نے زینت کے اغوا میں سماج دشمن عناصر کا ہاتھ بتاتے ہوئے کہا کہ زینت کو ان کی حراست سے آزاد کرالیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان کے قبائلیوں نے زینت کی گھر واپسی میں اہم رول ادا کیا۔

سماجی کارکن بینا سرور نے کہا،’’زینت شہزادی کو لاہور میں ان کے خاندان سے ملا دیا گیا ہے اور ہم ان کی بحفاظت بازیابی سے خوش ہیں۔‘‘

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔