پاکستان: اب خاتون یا مرد اساتذہ جینس اور ٹی شرٹ نہیں پہن پائیں گے، پابندی عائد

فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے اسکول و کالج کے پرنسپل کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ تمام عملہ، اداروں کے احاطے اور سرکاری اجتماعات، تقریبات اور اجلاس کے دوران باقاعدہ ڈریس کوڈ کو یقینی بنائیں گے

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

اسلام آباد: پاکستان میں خاتون-مرد اساتذہ کے جینس اور ٹی شرٹ پہننے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ پاکستان کے اخبار ڈان کی رپورٹ کے مطابق فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) نے حال ہی میں اسکول-کالج کے پرنسپل کو خط لکھ کر یہ یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے کہ ان کے یہاں تدریسی اور غیر تدریسی اہلکار ڈریس کوڈ پر عمل درآمد کے ساتھ ہی ذاتی حفظان صحت کو یقینی بنائیں۔

ڈریس کوڈ کی وضاحت کرتے ہوئے خط میں کہا گیا ہے کہ تمام عملہ، اداروں کے احاطے اور سرکاری اجتماعات، تقریبات اور اجلاس کے دوران باقاعدہ ڈریس کوڈ کو یقینی بنائیں گے۔ خط میں کہا گیا کہ تمام تدریسی عملہ کلاس میں پڑھاتے وقت ٹیچنگ گاؤن پہنیں اور لیبارٹریوں میں لیب کوٹ پہنیں۔ علاوہ ازیں مراسلے میں کہا گیا کہ غیر تدریسی عملہ صاف ستھرا اور استری شدہ کپڑے اور مناسب جوتے پہنیں۔


خط میں خواتین کے لیے فارمل لباس تجویز کیا گیا جس میں انہیں ’مناسب، سادہ اور مہذب شلوار قمیض، ٹراوزر، دوپٹہ/شال والی قمیض، اسکارف/حجاب پہننے کی اجازت ہے۔ خط میں خواتین تدریسی عملے کو کسی بھی صورت میں جینز اور ٹاپس پہننے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ انہیں صرف فارمل جوتے (پمپ، لوفر) پہننے کی اجازت ہے، پڑھانے کے دوران دیر تک کھڑے رہنے کی وجہ سے جوتے اور سینڈل جیسے آرام دہ جوتے بھی پہننے جا سکتے ہیں لیکن چپل پہننے کی بالکل اجازت نہیں ہوگی۔

سردیوں کے موسم میں کوٹ، بلیزر کے ساتھ سویٹر، جرسی، کارڈیگن اور مہذب رنگوں اور ڈیزائن کی شال لینے کی اجازت ہوگی۔ خط میں مرد عملے کے لیے کہا گیا کہ وہ ’مناسب، سادہ اور مہذب شلوار قمیض کو ترجیح دیں، ڈریس شرٹ (مکمل آستین ترجیحی طور پر ٹائی کے ساتھ) اور پتلون (صرف ڈریس اور کاٹن پتلون) پہنیں، جبکہ کسی بھی صورت میں جینز پہننے کی اجازت نہیں ہے۔


خط کے مطابق گرمیوں کے دوران آدھی آستینوں والی ڈریس شرٹ یا بش شرٹ بھی پہنی جاسکتی ہیں لیکن ہر قسم کی ٹی شرٹ کی اجازت نہیں ہے۔ جب ایف ڈی ای کے ڈائریکٹر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ مراسلہ ایک اچھی نیت سے جاری کیا گیا، یہ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مناسب ڈریس کوڈ پر عمل کریں کیونکہ وہ طلبہ کے لیے رول ماڈل ہیں۔ ناخن اور بال کٹوانے کے بارے میں سوال پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو صرف مراسلے کے ذریعے آگاہ کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔