ملالہ یوسف زئی 6 برس بعد پاکستان پہنچیں

چھ سال پہلے طالبان عسکریت پسندوں نے ملالہ پر حملہ کیا تھا اور انہیں گولی مار دی تھی، اس کے بعد سے وہ برطانیہ میں قیام پزیر ہیں۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر/<a href="https://twitter.com/ahmadbaseer51">@ahmadbaseer51</a>
تصویر بشکریہ ٹوئٹر/@ahmadbaseer51
user

قومی آوازبیورو

امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین شخصیت کا اعزاز ملالہ یوسف زئی تقریباً چھ سال بعد پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ ملالہ جمعرات کی صبح دبئی کے راستے پاکستان پہنچیں۔ چھ سال پہلے 2012 میں طالبان عسکریت پسند وں نے ان پر حملہ کیا تھا اور انہیں گولی مار دی۔ اس کے بعد سے وہ برطانیہ میں قیام پذیر ہیں۔

ملالہ یوسف زئی 6 برس بعد پاکستان پہنچیں
ملالہ یوسف زئی

پاکستانی میڈیا کے مطابق ملالہ یوسف زئی نجی ائیر لائین کی پرواز کے ذریعے بدھ کو رات ڈیڑھ بجے اسلام آباد پہنچی ہیں اور وہ روایتی شلوار قمیض اور دپٹا زیب تن کئے ہوئے طیارے سے باہر نکلیں۔ ان کے والدین بھی ہوائی اڈے پر ان کے ساتھ نظر آئے۔ اطلاعات کے مطابق اپنے اہل خانہ کے ساتھ ’میٹ دی‘ پروگرام میں شرکت کریں گی اور وہ 4 دنوں تک پاکستان میں رہیں گی۔

واضح رہے کہ ملالہ نے دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کیلئے ملالہ فنڈ قائم کیا ہے۔ تاحال یہ معلوم نہیں کہ وہ اپنے آبائی علاقے میں جائیں گی یا نہیں تاہم یہ بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں ان کا قیام چار روز کے لیے ہوگا۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان کے مرکزی وزیر مشاہد اللہ خان نے بتایا ہے کہ ملالہ جمعرات کی صبح گیارہ بجے وزیراعظم اور کابینہ کے چند اراکین سے ملاقات کریں گی۔

بی بی سی کے مطابق ملالہ اور ان کے اہلِ خانہ کی سکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے اور انھیں ائیرپورٹ سے سکیورٹی قافلے کے ساتھ اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں پہنچایا گیا ہے۔

امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے کے علاوہ متعدد ایوارڈ حاصل کرنے والی 19 سالہ ملالہ اس وقت برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔ گزشتہ برس اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے انہیں اپنا سفیر برائے امن مقرر کیا تھا۔

ملالہ یوسف زئی 6 برس بعد پاکستان پہنچیں
ملالہ یوسف زئی

واضح رہے کہ اکتوبر 2012 میں ملالہ کو سکول سے واپسی کے سفر میں قاتلانہ حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ جس کے بعد وہ علاج کے لیے انہیں برطانیہ منتقل کیا گیا تھا۔ انھیں اس وقت سر میں گولی ماری گئی تھی جب وہ سکول سے گھر جا رہی تھیں۔ ملالہ شمال مغربی پاکستان سے بی بی سی اردو سروس میں گل مکئی کے نام سے ڈائری لکھا کرتی تھیں کہ طالبان کے خوف کے سائے میں زندگی کیسی ہے۔

کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے رہنما نے برطانیہ میں مقیم ملالہ یوسف زئی کو ایک خط بھیجا تھا جس میں ان پر قاتلانہ حملہ کرنے کے مقاصد کی وضاحت کی گئی تھی اور کہا تھا کہ اگر وہ پاکستان لوٹیں تو انھیں پھر نشانہ بنایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 29 Mar 2018, 9:17 AM