پاکستان میں طوفانی بارشوں سے 97 افراد جان بحق، 101 زخمی

پاکستان میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 97 افراد جان بحق اور 101 دیگر زخمی ہو چکے ہیں

پاکستان میں بھاری بارش / تصویر آئی اے این ایس
پاکستان میں بھاری بارش / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 97 افراد جان بحق اور 101 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے یہ اطلاع دی۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ صورتحال رپورٹ کے مطابق صوبہ بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں پیر سے شروع ہونے والی مانسون کی بارشوں میں 49 افراد جان بحق اور 48 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے اتھارٹی کے حوالے سے بتایا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں کل 17 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس کے بعد سندھ میں 11، شمالی گلگت بلتستان کے علاقے میں 10 اور ملک کے دیگر حصوں میں مزید 10 افراد کی جان چلی گئی۔ اس میں کہا گیا کہ ملک بھر میں آنے والے سیلاب میں دو سڑکیں، پانچ پل اور پانچ دکانیں بہہ گئیں، جبکہ 226 مکانات مکمل طور پر تباہ اور 481 دیگر جزوی طور پر تباہ ہو گئے۔


این ڈی ایم اے نے کہا کہ ملک بھر میں الگ الگ واقعات میں 1326 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔ زیادہ تر اموات اور زخمی شہری علاقوں میں بجلی کے جھٹکوں، چھتوں کے گرنے اور بڑے نکاسی آب میں رکاوٹوں کی وجہ سے آنے والے سیلاب کی وجہ سے ہوئے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کی وزیر شیری رحمان نے اس ہفتے کے اوائل میں ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ اس سال مانسون کے موسم میں ملک میں معمول سے 87 فیصد زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے باعث گلگت بلتستان ریجن میں گلیشیئر پھٹنے کے 16 واقعات ہو چکے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان دنیا کے 10 سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ممالک میں سے ایک ہے، اس بات پر زور دیا کہ عوام موسم کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کرنا شروع کر دیں ورنہ مستقبل میں حالات مزید خراب ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کی تباہی ایک قومی سانحہ ہے۔ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے لیکن ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ یہ صرف شروعات ہے اور ہمیں اس کے لیے تیاری کرنی ہوگی۔


وزیر اعظم شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے جانی و مالی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ امدادی کاموں میں تیزی لائی جائے تاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔

موسم کی ایڈوائزری میں این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے بارش کا امکان ہے، جس کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔