عمران خان کی خاتون دوست نے سعودی ولی عہد سے ملے تحائف کو فروخت کیا تھا، خریدار نے خود کیا انکشاف!

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ذریعہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو تحائف میں دی گئی گھڑی، سونے کی قلم، انگوٹھی اور کفلنک 20 لاکھ ڈالر میں فروخت کیے گئے۔

عمران خان، تصویر آئی اے این ایس
عمران خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ذریعہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو تحائف میں دی گئی گھڑی، سونے کی قلم، انگوٹھی اور کفلنک 20 لاکھ ڈالر میں فروخت کیے گئے۔ پاکستانی ٹی وی ’سماء‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس بات کا انکشاف اس شخص نے کیا ہے جس نے سابق وزیر اعظم کے قریبی دوست فرح شہزادی عرف گوگی سے ان تحائف کی خریداری کی تھی۔

خریدار دبئی واقع کاروباری عمر فاروق نے انکشاف کیا کہ وہ غیر ملکی گھڑیوں کو جمع کرتا ہے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ عمران خان کے سابق ایسیٹ ریکوری یونٹ کے چیف مرزا شہزاد اکبر نے ان سے رابطہ کیا تھا کہ کیا وہ گھڑی خریدنے میں دلچسپی لیں گے۔ جب انھوں نے کہا کہ دلچسپی لیں گے، تو بات چیت آگے بڑھی۔


عمر فاروق نے سمجھایا کہ وہ گھڑی اور باقی سیٹ کو ایک گھڑی کاروباری کے پاس لے گیا تاکہ اس کی قیمت سمجھی جا سکے۔ میں نے ان سے یہ تصدیق کرنے کے لیے کہا کہ یہ کس طرح کی گھڑی ہے، جس کے بارے میں مجھے بتایا گیا کہ یہ خانۂ کعبہ کے ساتھ ایک طرح کی ہیرے سے تیار گریف گھڑی ہے اور یہ ایک ماسٹر پیس ہے۔ انھیں بتایا گیا کہ اس کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 12 ملین ڈالر سے 13 ملین ڈالر ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر کوئی اسے خریدنا چاہتا ہے تو انھیں اس کے لیے کتنی ادائیگی کرنی چاہیے۔ فاروق نے کہا کہ انھیں بتایا گیا تھا کہ اگر انھیں اس کے لیے 5 ملین ڈالر سے 7 ملین ڈالر تک کا سودا مل سکتا ہے، تو یہ ایک اچھا سودا ہوگا۔ اس کے بعد خریداری کے لیے بات چیت آگے بڑھی اور فاروق کا کہنا ہے کہ وہ تقریباً 2 ملین ڈالر کی قیمت پر معاہدہ طے کرنے میں کامیاب رہے۔ فاروق کہتے ہیں ’’سودے پر اتفاق بننے کے بعد میں نے اپنے بینک سے 20 لاکھ ڈالر نکالے اور گھڑی کے مالک کے نمائندوں کو دے دیئے۔‘‘


یہ پوچھے جانے پر کہ گھڑی لینے کون آیا، فاروق نے خاتون فرح گوگی کی طرف اشارہ کیا۔ وہ کہتے ہیں ’’شہزاد اکبر نے مجھے بتایا کہ فرح گوگی گھڑی کو دبئی لائیں گی۔ فرح گوگی میرے لیے گھڑی میرے دفتر میں لائی تھیں اور میں نے ہی انھیں پیسے دیئے تھے۔‘‘ سماء ٹی وی نے بتایا کہ توشہ خانہ کے ریکارڈ کے مطابق ستمبر 2018 میں سعودی عرب کے سفر کے دوران عمران خان کو قلم، انگوٹھی اور کفلنک کے ساتھ سیٹ کی گئی گریف گھڑی تحفہ میں دی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */