عمران خان کے 50 وزراء لاپتہ، تحریک عدم اعتماد پر بحث کل

پاکستان کی قومی اسمبلی کے کل 342 ارکان ہیں جن میں اکثریت کی تعداد 172 ہے۔ پی ٹی آئی کی زیر قیادت مخلوط حکومت کو 179 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ پاکستانی میڈیا کی کئی رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے بعد ان کی حکومت کا گرنا یقینی ہے۔ دریں اثنا یہ خبریں آرہی ہیں کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کم از کم 50 وزراء لاپتہ ہو گئے ہیں جو عوام کو دکھائی نہیں دے رہے۔

پاکستانی اخبار ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق 50 سے زائد وفاقی اور صوبائی وزراء کو عوامی مقامات پر نہیں دیکھا گیا ہے۔ اس اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ لاپتہ ہونے والے وزراء میں 25 وفاقی و صوبائی مشیر اور خصوصی معاونین شامل ہیں جب کہ ان میں 4 وزرائے مملکت، 4 مشیر اور 19 خصوسی معاونین ہیں۔


اگرچہ وفاقی سطح پر وزیراعظم عمران خان کو اب بھی اپنے وزراء کی حمایت حاصل ہے۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر توانائی حماد اظہر، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر داخلہ شیخ رشید ان وزراء میں شامل ہیں جو پاکستانی وزیر اعظم کا دفاع کر رہے ہیں۔

دریں اثنا، پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے 28 مارچ تک ملتوی ہونے کے بعد اپنے اتحادیوں کو منانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) کے وفد کی پاکستانی وزیراعظم سے ملاقات کا امکان ہے۔


قبل ازیں جمعرات کو پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی تاکہ انہیں حکومت میں واپس آنے اور پولنگ کے دن قومی اسمبلی میں پاکستانی وزیر اعظم کی حمایت میں ووٹ دینے پر آمادہ کیا جا سکے۔

پاکستان کی قومی اسمبلی کے کل 342 ارکان ہیں جن میں اکثریت کی تعداد 172 ہے۔ پی ٹی آئی کی زیر قیادت مخلوط حکومت کو 179 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */