عمران خان قوم کے میر جعفر اور میر صادق ہیں: مولانا فضل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین سالہ عمران حکومت میں ملک کو برباد کر دیا گیا، ملک معاشی اور اخلاقی طور پر تباہ جبکہ سفارتی سطح پر تنہائی کا شکار ہوا۔

فضل الرحمٰن، عمران خان / سوشل میڈیا
فضل الرحمٰن، عمران خان / سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اسلام آباد: پاکستان جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ عمران نیازی اس قوم کے میرجعفر اور میرصادق ہیں۔ پشاور سے میڈیا کو بیان میں جاری کرتے ہوئے مولا فضل الرحمٰن نے کہا کہ عمران خان اپنے ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کو پوری دنیا میں رسوا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں ملک کو برباد کر دیا گیا، ملک معاشی اور اخلاقی طور پر تباہ جبکہ سفارتی سطح پر تنہائی کا شکار ہوا۔ ’جیو نیوز‘ کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے دفاعی ادارے کے خلاف بیانات کا مقصد فوج کو تقسیم کرنا ہے۔ ملک اور ملکی اداروں کو تباہ کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے اور وطن عزیز کے اداروں اور اس کے جغرافیائی سرحدات کی حفاظت کریں گے۔


ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال میں کرپشن کا ریکارڈ توڑا گیا اور بین الاقوامی ادارے اس کے گواہ ہیں، کشمیر کا سودا کیا گیا جبکہ امریکہ کی آنکھوں میں کھٹکنے والا سی پیک منصوبہ اسی کے کہنے پر ساڑھے تین سال منجمد کیے رکھا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 74 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک امریکی نیشنل کو اسٹیٹ بینک کا گورنر بنایا گیا اور اسٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی مخالفت کا ڈھونگ رچانے والے کے کابینہ میں پندرہ سے زیادہ امریکی اور مغربی شہریت کے حامل لوگ کابینہ کے رکن رہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔